لاہور ہائیکورٹ نے مشرف کی درخواست اعتراض لگاکر واپس کردی
شیئر کریں
لاہور ہائی کورٹ آفس نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے ۔پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سزائے موت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ آفس نے پرویز مشرف کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کی اور کہا کہ عدالتی تعطیلات ہیں، سماعت کے لیے بنچ موجود نہیں۔پرویز مشرف کی سزائے موت کیخلاف درخواست عدالتی تعطیلات کے بعد دائر کی جائے ۔اس سے قبل پرویز مشرف نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپنی درخواست میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے اور سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے میں بے ضابطگیاں اور تضادات ہیں، سزائے موت کا فیصلہ عجلت میں سنایا گیا۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو دفاع کا موقع ہی نہیں ملا، سابق صدر کا بیانِ صفائی ریکارڈ ہوا اور نہ ہی انہیں شہادتیں فراہم کرنے کا موقع دیا گیا۔یاد رہے کہ 17 دسمبر کو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے آرٹیکل 6 کے تحت سزائے موت کا حکم دیا تھا۔