ڈاکٹرز جب نواز شریف کو فٹ قرار دیں گے وہ واپس آجائیں گے ، احسن اقبال
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جیسے ہی ڈاکٹرز میاں محمد نواز شریف کو فٹ قرار دیں گے وہ واپس آجائیں گے ۔نواز شریف کی صحت کی خرابی کی تصدیق خود موجودہ حکومت کے میڈیکل بورڈز اور شوکت خانم کے ڈاکٹرز نے کی، اب سوال یہ ہے کہ کیا مریض بننے کے لئے ضروری ہے کہ آپ وہیل چیئر کے اوپر ہی بیٹھیں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کی تحویل میں جب نواز شریف کے پلیٹ لیٹس صرف دو ہزار رہ گئے تھے تب بھی وہ اپنے پائوں پر چل کر آئے تھے ۔نواز شریف خوددار آدمی ہیں اس لئے خود چل کر گئے ، ضروری نہیں کہ وہیل چیئر پر ہی جاتے ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ضرور پاکستان واپس آئیں گے ، جو نہی ان کی صحت مستحکم ہوتی ہے اور ڈاکٹرز انہیں فٹ ہونے اور واپس آنے کا سرٹیفیکیٹ دیتے ہیں تو وہ آئیں گے ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم تو دعا کرتے ہیں کہ وہ ہفتے ، دو ہفتے یا چار ہفتوں میں جلد از جلد مکمل صحت یاب ہو کر واپس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے ذاتی علم میں نہیں کہ نواز شریف کو ایئر ایمبولینس قطر کی حکومت یا کس نے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بڑے بہادر آدمی ہیں ، جب ان کے پلیٹ لیٹس دو ہزار تک گر گئے تھے تب بھی نیب کی حراست سے جب ہسپتال آئے تو وہ اپنے پیروں پر چل کر ہی آئے تھے ، انہوں نے کوئی وہیل چیئر یا اسٹریچر کا مطالبہ تو نہیں کیا تھا۔