نیب ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کیلئے 100 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار
شیئر کریں
نیب راولپنڈی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا۔ سوالنامہ 100 سوالوں پر مشتمل ہے ۔ نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو بدھ کے روز میگا منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے لیے طلب کر رکھا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوالنامہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے حوالہ کرے گی۔ پارک لین کمپنی کے حوالہ سے سوالات سوالنامہ میں شامل ہیں۔ دونوں باپ بیٹے سے پارک لین کمپنی سے دیگر اکائونٹس میں ہونے والی ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ جبکہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کمپنیوں اور بینک اکائونٹس کے حوالہ سے سوالات کئے جائیں گے ۔ نیب فوری طور پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے سوالات کے جواب طلب کرے گا کیونکہ نیب نے میگامنی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی ڈیڈ لائن کے مطابق ریفرنس دائر کرنے ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے کہا گیا ہے کہ وہ بدھ کو نیب راوالپنڈی کے دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں ۔ نیب جلد ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں میں دائر کر دے گا۔