پی ایس ایل فور کا فائنل دیکھنے ضرور آؤں گا، صدرعارف علوی
شیئر کریں
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ضرور ہوگا۔یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی موجود تھے ۔صدر پاکستان نے کہا کہ پی ایس ایل فور کا فائنل میچ دیکھنے ضرور آؤں گا، میں بہت خوش ہوں اور بڑے شوق سے پی ایس ایل میچز دیکھنے آیا ہوں، غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ یہاں آئے ۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا مجھے بہت شوق ہے ، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ پی ایس ایل اگلے سال پاکستان میں ہوگا، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب اچھے حالات ہوں گے اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان بھی ضرور آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ ہماری دعوت پر یہاں آئے ، کسی کھلاڑی نے اس سال پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔ایک سوال کے جواب میںصدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پاکستان دہشت گردی کے حالات سے گزر چکا ہے ، پڑوسی ملک کو بھی کہتا ہوں کہ نفرت بڑھانا آسان اسے کم کرنا مشکل ہے ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے وزیر اعظم کو پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے نہیں آنا چاہیے کیونکہ اگروہ آئے تو ان سے بڑا مہمان خصوصی کوئی نہیں ہوسکتا۔