بھارت کی دراندازی، پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار بھگائے
شیئر کریں
بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی ، پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے اپنے نصب ہتھیار بالا کوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے ،کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے علی الصبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں بتایا کہ آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں ساڑھے تین بجے بھارتی فضائیہ کے طیارے نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کی اور تین سے چار میل اندر آئے جس پر پاک فضائیہ فوری طور پر حرکت میں آئی جبکہ بھارتی طیارے پے لوڈ گرا کر واپس چلے گئے ۔
بعد ازاں ایک اور پیغام میں انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے گھسنے کی کوشش کی جس پر پاک فضائیہ نے فوری اور بروقت کارروائی کی۔
جس کے باعث بھارتی طیارے نے عجلت میں فرار ہوتے ہوئے بالاکوٹ کے قریب ایک ہتھیار پھینکا تاہم خوش قسمتی سے اس سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کردیں۔