جاویدمیانداد کا بھارتی چوہدراہٹ کے زعم میں مبتلا گنگولی کو بھرپور جواب
شیئر کریں
لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے سارو گنگولی کی جانب سے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ نہ کھیلنے کی بات کو بچگانہ اور بے وقوفانہ قرار دے دیا ہے۔
پلوامہ حملے کے بعد جہاں بھارتی سیاستدان کسی ثبوت کے بغیر سارا ملبہ پاکستان پر ڈال رہے ہیں وہیں بھارتی کرکٹر بھی کسی سے پیچھے نہیں، پاکستان کے خلاف زہر افشانی کرنے والوں میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی بھی شامل ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے ہی نہ کرانے کا مطالبہ کر ڈالا ہے۔
گزشتہ روز سارو گنگولی نے آئی سی سی میں بھارتی چوہدراہٹ کے زعم میں کہا تھا کہ ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، تمام ٹیمیں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں، اگر بھارت ایک ٹیم کے ساتھ نہ کھیلے تو اس سے میگا ایونٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اگر بھارت ورلڈ کپ میں حصہ نہ لے تو آئی سی سی کو ضرور دھچکا لگے گا۔
ذاتی طور پر میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو ایک بھرپور پیغام ضرور جانا چاہیے۔سارو گنگولی کی زہریلی باتوں پر لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے بھی بھرپور جواب دیا ہے، ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد نے کہا کہ شاید گنگولی بھارت میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لے کر وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں، اسی لیے وہ اپنے ہم وطنوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں،
ہم بھارت کے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے ڈرنے کے بجائے خود کو مضبوط بنانے پر توجہ دے دیں گے، پاکستان کئی مرتبہ بھارت کو حل طلب معاملات کے تصفیے کے مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے لیکن بھارت ہی نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔سابق قومی کپتان نے کہاکہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کی باتیں بیکار ہیں، آئی سی سی کبھی بھی بھارت کی ایسی بچگانہ اور بیوقوفانہ بات کو تسلیم نہیں کرے گا۔ آئی سی سی کے آئین کے مطابق اس کے ہر رکن ملک کو اس کے ایونٹ میں حصہ لینے کا پورا حق حاصل ہے۔