صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نواز دیا
شیئر کریں
صدرمملکت عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کردیا۔
پیر کو اس سلسلے میں ایوان صدر میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک ہوئے ۔
تقریب کے دور ان وزیراعظم عمران خان، صدرِمملکت عارف علوی اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان اسٹیج پر براجمان تھے۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے آغاز میں پہلے دوست ملک سعودی عرب کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد میزبان پاکستان کے قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔تلاوت کلام پاک کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے سب سے اعلیٰ سول اعزاز نشان پاکستان عطا کیا۔
صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کو نشان پاکستان عطا کیے جانے کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب کی محبت پاکستانیوں کے دلوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دونوں ملکوں کی دوستی مزید مضبوط کرے گا اور پاکستان سعودی سپریم کونسل کا قیام انتہائی اہم ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے کہا کہ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کے صدر سے ملنا میرے لیے باعث فخر ہے۔
سعودی شہزادے نے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیان نے اصولوں کی بنیاد پردوطرفہ تعلقات قائم کیے اور پاکستانی بھائی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی بھائیوں نے سعودی عرب میں مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا۔