بیت المقدس اسلامی دنیا کا مستقل ’’ثقافتی دارالحکومت‘‘ قرار
شیئر کریں
اسلامی تعاون تنظیم ’’او آئی سی‘‘ کے زیر اہتمام خلیجی ریاست بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ اسلامی ثقافتی کانفرنس میں مقبوضہ بیت المقدس کو عالم اسلام کا دائمی ثقافتی دارالحکومت قرار دیا گیا ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسلمان ممالک کے وزرا ئے ثقافت کا منامہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں بیت المقدس کوا سلامی ثقافتی دارالحکومت قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بیت المقدس کی ثقافت اور تہذیب کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔کانفرنس سے خطاب میں او آئی سی کی سائنسی وثقافتی کمیٹی ’’آئسیسکو‘‘ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعزیز التویجری نے کہا کہ القدس کو صہیونی ریاست کی منظم سے منظم تہذیبی اور ثقافتی یلغار کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت القدس کی اسلامی تہذیب وثقافت کی علامات مٹا رہا ہے ۔ عالم اسلام بالخصوص ’’او آئی سی‘‘کے رکن ممالک کو القدس کی تہذیب وثقافت کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ القدس کو اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت قرار دینا اہم پیش رفت اور القدس کے حوالے سے او آئی سی کے فیصلوں کا حصہ ہے۔