کراچی سمیت ملک بھر میں تمام سڑکیں اور تعلیمی ادارے کھل گئے، پٹرول کی ترسیل شروع
شیئر کریں
کراچی سمیت ملک بھر میں تمام سڑکیں اور تعلیمی ادارے کھل گئے ، پٹرول کی ترسیل شروع ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کی رہائی کیخلاف مذہبی جماعتوں کا احتجاج ختم ہونے پر ملک کی صورتحال نارمل ہوتے ہی کراچی میں بند تمام سڑکیں کھول دی گئیں، جبکہ صبح کھلنے والی دُکانیں اور پیٹرول پمپس بھی معمول کے مطابق کھل گئے ۔لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھل گئے ، جبکہ جن یونیورسٹیز کے امتحانات ملتوی کیے گئے تھے ان کی نئی تاریخ جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے ۔لاہور میں سڑکیں کھلیں، حالات بہتر ہوگئے اور رات گئے تعلیمی ادارے کھلنے کا اعلان ہوگیا، لاہور سمیت پنجاب بھر کے ا سکول ،کالجز اور یونیورسٹیز کھل گئیں لیکن رات گئے اعلان کے باعث بہت سارے لوگوں کو اس بارے میں نہ پتہ چل سکا۔
کھلنے والے ا سکولوں میں بچوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر دکھائی دی جبکہ جن یونیورسٹیز میں امتحانات ملتوی ہوگئے تھے امکان ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخ بھی جلد جاری کر دی جائے گی۔ لاہور میں دھرنے ختم ہونے پر شہر کے تمام پیٹرول پمپس کھل گئے اور راستے صاف ہونے پر دوبارہ تیل سپلائی بحال ہو گئی ، لاہور شہر میں دھرنوں سے راستے بند ہونے کی وجہ سے 70 فیصد سے زائد پٹرول پمپس ڈرائی ہو گئے تھے ۔ لاہور و اندورن پنجاب آئل ٹینکروں کی آمد رک گئی تھی جس سے 70 لاکھ لیٹر تیل آنا بند ہو گیا تھا جو پیٹرول پمپ کھلے تھے وہاں موٹر سائیکل کو 100روپے ، جبکہ گاڑی والے کو 500روپے کا تیل ڈالا جارہا تھا۔پیٹرول مالکان نے اعلان کیا تھا کہ دھرنے ختم نہ ہوئے تو تیل ختم ہو جائے گا اور باقی پمپ جو کھلے ہیں وہ بھی بند ہوجائیں گے ۔دھرنے ختم ہونے پر رات گئے پیٹرول پمپس کو دوبارہ تیل کی ترسیل شروع ہوگئی اور اکثر پیٹرول پمپ مالکان نے توڑ پھوڑ کے ڈر سے پمپ بند کیے تھے وہ بھی کھل گئے ہیں اور تیل کی طلب و رسد بہتر ہوگئی ۔