چینی صدرکا مسلح افواج کو کسی بھی ہنگامی جنگ کے لیے تیار رہنے کا حکم
شیئر کریں
چین کے صدر ژی جن پنگ نے مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی جنگ کے لیے خود کو تیار رکھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے یہ ہدایات کونفڈونگ کے علاقے کے غیراعلانیہ دورے کے موقع پر فوجی قیادت سے ملاقات کے دوران دیں۔چینی صدر نے جنوبی علاقے کی ملٹری کمانڈ کو جنوبی تائیوان سے متصل سمندر کی نگرانی سخت کرنے، موجودہ صورت حال کو برقرار رکھنے،اپنی دفاعی پوزیشن مضبوط کرنے اور کسی بھی ہنگامی فوجی کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا۔صدر پنگ کا کہنا تھا کہ جنوبی ریجن کی ذمہ دار فوج کو حالیہ عرصے میں بھاری ذمہ داری اٹھانا پڑی ہے۔ صدر نے فوج کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی حالت کے لیے خود کو تیار رکھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے تیزی کے ساتھ اور زیادہ سے زیادہ مشقیں کرنا ہوں گی۔ جنگ کے لیے تیاری اور فوج کی صلاحیت میں اضافہ ہماری اہم ترین ضرورت ہے۔ صدر ژی جن پنگ نے فوجی قیادت سے تفصیلی خطاب کیا مگر اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔مبصرین کا خیال ہے کہ چین فوج کے مورال کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، تاہم اس کے ساتھ ساتھ وہ جنوبی چینی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے بھی فوج کو تیار رہنے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے قابل دیکھنا چاہتے ہیں۔