پی ٹی آئی ایم این اےآفتاب جہانگیر ، ایم پی اے رابستان خان میں تلخ کلامی
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور رکن سندھ اسمبلی رابستان خان کے درمیان تلخ کلامی تصاد م میں تبدیل ہوگئی جس کے بعد ایم این اے اپنے کوآرڈی نیٹر کے ساتھ سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں جاری احتجاج چھوڑ کر واپس چلے گئے ۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ واقعہ کے حقائق جان کر پارٹی کی جانب سے باقاعدہ موقف دیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 252 سے منتخب آفتاب جہانگیر اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 122 سے منتخب رکن سندھ اسمبلی رابستان خان کراچی کے علاقے سرجانی، تیسر ٹاون پہنچے جہاں قبضہ مافیا کے کارندے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
کے ڈی اے کا عملہ سیکٹر 6 سی میں زمین کی پیمائش کرنے پہنچا تھا۔احتجاج کرنے والے افراد سے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں نے خطاب کیا اور معاملہ سلجھانے کی یقین دہانی کرائی ۔احتجاج سے واپسی پر ایم پی اے رابستان خان کے ساتھیوں کی آفتاب جہانگیر سے تلخ کلامی ہوئی،تلخ کلامی کے دوران رابستان خان کے حامیوں نے مبینہ طور پر آفتاب جہانگیر کے ساتھی پر حملہ کیا اور انہیں مارنے کی کوشش کی اور آفتاب جہانگیر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ۔صورت حال کو دیکھ کر آفتاب جہانگیر اپنے کوآرڈی نیٹر کے ہمراہ علاقے سے چلے گئے ۔