ٹارگٹ کلرز رئیس مما، احسن اقبال پرفرد جرم عائدحماد صدیقی، منظور لمبا اشتہاری قرار
شیئر کریں
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے 4کارکنوں کے قتل میں ملوث ہائی پروفائل ٹارگٹ کلرز رئیس مما اور احسن اقبال پر فرد جرم عائد کردی ہے ۔ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا ہے ۔عدالت نے حماد صدیقی اور منظور لمباسمیت 4ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے ۔جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مہاجر قومی موومنٹ کے 4کارکنوں کے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی ۔پولیس کے مطابق ملزمان نے ایم کیو ایم بانی الطاف حسین کی ایماء پر29جنوری 2012کو شرافی گوٹھ میں ٹیکسی پر حملہ کرکے مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان کو قتل کیا۔ملزمان نے دوران تفتیش یہ اعتراف کیا کہ حماد صدیقی رئیس مما سمیت دیگر نے فائرنگ کی۔فائرنگ سے مہاجر قومی موومنٹ کے ظفر قائم خانی،علیم احمد ، عبدالقادر اور ٹیکسی ڈرائیور نیاز ہلاک ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے رئیس مما او راحسن اقبال پر فرد جرم عائد کردی ۔ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا گیا ہے ۔عدالت نے ایم کیو ایم کے حماد صدیقی اور منظور احمد عرف لمبا سمیت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ۔