حکومت نے مہنگائی پر کافی حد تک کنٹرول کرلیا،گورنرسندھ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 2017 ء کی طرح 2018 ء بھی قومی ترقی معاشی خوشحالی اور یکساں ترقی کے مواقعوں کے لیے اہم ثابت ہوگا، اس ضمن میں حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج کے مزید ثمرات بھی عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے ، امن و امان کے قیام اور انرجی بحران کے خاتمہ کے بعد معاشی خوشحالی کے لیے تعین کردہ اہداف کے حصول میں اس برس حوصلہ افزا ء نتائج یقینی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حالات کے بدلنے سے معاشی سرگرمیوں میں پاکستان سرفہرست ہو گا، سی پیک منصوبہ سے قومی امنگوں کے عین مطابق نتائج کے حصول سے قومی ترقی مزید تیز ہوگی ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف صنعت کار عارف حبیب کی جانب سے ظہرانہ سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر بینک آف امریکا کے شعبہ گلوبل ایکویٹی ڈسٹری بیوشن کے ایم ڈی صفیان زبیری، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیئر مین منیر کمال ،ڈاکٹر عشرت حسین ، ناہید میمن ، احسان الحق اور کا رپوریٹ سیکٹر کی دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء میں حالات انتہائی خراب تھے ،معاشی سرگرمیاں بھی ماند پڑچکی تھی،انرجی بحران نے صنعتوں کی فعالیت کو جام کرکے رکھ دیا تھا ، غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی کنٹرول سے باہر تھی، لیکن موجودہ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد امن و امان کے قیام کے لیے دور رس اقدامات اُٹھائے ، بجلی بحران پر خاتمہ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بڑے بڑے پلانٹس کی تعمیر شروع کی ، امن و امان کے قیام اور بجلی بحران پر خاتمہ کے بعد حکومت نے معاشی سرگرمیوں کی فعالیت ، نئی صنعتوں کے قیام اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے معاشی پالیسی تشکیل دی جس سے معاشی سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے جبکہ حکومت نے مہنگائی پر کافی حد تک کنٹرول کرلیا ہے ، 2013 ء کے مقابلہ میں آج کے پاکستان میں امن و امان ، معاشی خوشحالی اور قومی ترقی سے عوام الناس کا معیار زندگی بھی بلند ہو رہا ہے، جبکہ دس برس پاکستان کے لیے سنہری ترین عرصہ ثابت ہوںگے۔