میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بڑی عدالت کا بڑا فیصلہ، کپتان کو کلین چٹ مل گئی

بڑی عدالت کا بڑا فیصلہ، کپتان کو کلین چٹ مل گئی

منتظم
هفته, ۱۶ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نا اہلی اور پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کیخلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کیخلاف درخواست خارج کر دی ہے، جبکہ عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62کے تحت تاحیات نا اہل قرار دیدیا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔بینچ میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا ء بندیال اور جسٹس فیصل عرب بھی شامل تھے۔درخواست گزار حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین پر آف شور کمپنی چھپانے اور جائیداد کی شفاف منی ٹریل نہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا جس پر 405 روز کے دوران 50 سماعتیں اور 101 گھنٹے عدالتی کارروائی ہوئی، جبکہ عدالت نے تقریباً 7 ہزار دستاویزات کا جائزہ لیا،عمران خان پر نیازی سروسز لمیٹڈ نام کی آف شور کمپنی ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا، جبکہ درخواست گزار حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل کرنے کی استدعا کی تھی۔سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کی درخواستوں پر 14 نومبر کو سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔کمرہ عدالت میں پٹیشنر حنیف عباسی ٗ وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب ٗ وزیر مملکت طلال چورہدری سمیت کئی لیگی رہنما بھی موجود تھے ۔ چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق اکائونٹس کا باریک بینی سے جائزہ لے،،عدالت نے فیصلے میں کہا کہ تحریک انصاف پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام لگایا گیا تاہم درخواست گزار غیر ملکی فنڈنگ پر متاثرہ فریق نہیں۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کا تعین الیکشن کمیشن کریگا ۔الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ طور پر پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی گزشتہ 5 سال تک کی چھان بین کرسکتا ہے۔عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ عمران خان پر 2013 کے کاغذات نامزدگی میں نیازی سروسز لمیٹڈ کو ظاہر نہ کرنے کا الزام نہیں لگایا جاسکتا، کیونکہ وہ اس کے اسٹیک ہولڈر نہیں تھے اور انہوں نے تمام متعلقہ دستاویزات پیش کیں۔چیف جسٹس نے فیصلے میں کہاکہ عمران خان نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر نہیں تھے اور انہوں نے جمائما کے دیے گئے پیسے بھی ظاہر کیے۔فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے فلیٹ ایمنسٹی اسکیم میں ظاہر کر دیا تھا۔سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اثاثہ جات کے مطابق عمران خان کی کوئی بدنیتی ثابت نہیں ہوتی، بنی گالا کی جائیداد عمران خان کی ملکیت ہے ٗ جو انہوں نے بیوی اور بچوں کے لیے خریدی۔سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کیخلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیںتاحیات نا اہل قرار دیدیا،جہانگیر ترین پر زرعی آمدن ٗآف شور کمپنیوں ٗبرطانیہ میں جائیداد اور اسٹاک ایکسچینج میں اِن سائڈ ٹریڈنگ سے متعلق الزامات شامل تھے۔عدالت نے جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ جہانگیر ترین نے آف شور کمپنی ظاہر نہیں کی اور عدالت کے سامنے جھوٹ بولا ٗالیکشن کمیشن جہانگیر ترین کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔عدالت نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف زرعی اراضی پر فیصلہ ابھی نہیں سنایا جارہا۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ جہانگیرترین نے جائیداد خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے باہر منتقل کیے ٗرقم کی منتقلی جہانگیر ترین کو آف شور کمپنی کا بینیفشری ظاہر کرتی ہے، لہٰذا جہانگیرترین نے آف شور کمپنی اور اثاثے چھپا کر کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، جبکہ جہانگیر ترین کے بینکوں سے قرضے معاف کرانے کے شواہد نہیں ملے۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جہانگیر ترین نے ان ہاؤس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا، جبکہ ایس ای سی پی نے جہانگیر ترین کا معاملہ خود ختم کیا اور فوجداری کارروائی نہیں کی، ان ہاؤس ٹریڈنگ سابق اور بند معاملہ ہے جس کو نمٹا دیا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں