میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
5ارب 76کروڑ کی کرپشن، شرجیل میمن سمیت 12ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

5ارب 76کروڑ کی کرپشن، شرجیل میمن سمیت 12ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۵ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات میں 5ارب سے زائد کے کرپشن ریفرنس میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور دیگرشریک ملزمان کو 4نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب کی جانب سے سابق صوبائی وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن اور دیگر 11ملزمان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا، شرجیل میمن سمیت تمام ملزمان کو پولیس اور رینجرز کی سخت سیکورٹی میں احتساب عدالت پہنچایا جہاں سابق وزیر کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا،شرجیل میمن کی پیشی کے وقت احتساب عدالت کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔ شرجیل میمن کے کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر ایک میں ہوئی کیس کی باقاعدہ سماعت شروع ہوئی تو شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کا نام پکار کر حاضری لگائی گئی، اس موقع پرسابق وزیراطلاعات کی جانب سے گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی گئی، درخواست میں شرجیل میمن کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت نے شرجیل میمن کی گرفتاری کا وارنٹ جاری نہیں کیا، جبکہ اسی طرح کے کیسز میں نواز شریف کیپٹن صفدر اور دیگر ملزمان کونیب آرڈیننس کے سیکشن 91کے تحت ریلیف دیا گیا،مگر احتساب عدالت کی جانب سے ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔ اس موقع پر نیب حکام نے کیس میں گرفتار تمام ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا جس پر شرجیل میمن اور دیگر کے وکلاء کی جانب سے مخالفت کی گئی، بعد ازاں احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو چار نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔احتساب عدالت کی جانب سے عدالتی ریمانڈ پر بھیجنے کے بعد شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کی جانب سے جیل میں بی کلاس اور میڈیکل کی سہولیات کی فراہم کرنے کی درخواست دائر کی گئی، تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔واضح رہے کہ شرجیل میمن سمیت 11ملزمان کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں 5ارب 76کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے، قومی احتساب بیورو نیب نے 5ارب 76کروڑ سے زائد کی کرپشن کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد شرجیل میمن اور دیگرشریک ملزمان کو پیرکے روز سندھ ہائیکورٹ سے ہی حراست میں لے لیا تھا، گرفتاری کے بعد شرجیل میمن کو کراچی میں واقع نیب سندھ کے ریجنل دفتر میں بنے لاک اپ میں رکھا گیاتھا جہاں ان کی طبعیت بھی ناساز ہوگئی تھی، پیشی سے قبل نیب کے مرکز میں ڈاکٹرز نے شرجیل میمن اور ان کے دیگر ساتھیوں کا 3بار معائنہ کیا ہے اور تمام ملزمان کو مکمل فٹ قرار دیاتھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں