چھوٹے اور درمیانہ کاروبار قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ،گورنر سندھ
شیئر کریں
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اس ضمن میں بزنس سلوشنز لمیٹڈ (SME Bussines Solutions Limited) چھوٹے اور درمیانہ کاروبار سے وابستہ افراد کو معاونت فراہم کرنے میں اہم خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانہ کاروبار میں جگہ اور سرمایہ کی کم ضرورت ہوتی ہے ، آج کل پاکستان میں کھانے پینے کا کاروبار محفوظ ترین سمجھا جاتا ہے جس میں کم سرمایہ اور کئی گناہ زائد منافع یقینی ہے جبکہ پولٹری کے کاروبار کو بھی ماہر معیشت سرمایہ سے 7 گناہ زیادہ منافع زیادہ تصور کرتے ہیں اسی طرح دیگر کاروبار بھی شامل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ایس ایم ای بزنس سلوشنز لمیٹڈ (SME Bussines Solutions Limited) کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کے فروغ ، حائل رکاوٹوں ، مشکلات اور اس سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد نے گورنر سندھ کو اپنے ادارہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ کے پاس پیشہ ورانہ مہارت ، ماہر قانون دان ، ماہر معیشت سمیت دیگر ماہرین بڑی تعداد میں ہیں ، ادارہ چھوٹے اور درمیانہ کاروبار کرنے والوں کو مشاورت ، ہیومن ریسورس ، تجارت کے اصول ، ملازمین سے متعلق قانون ، کاروبار شروع کرنے سے قبل آگاہی اور معلومات بھی فراہم کررہا ہے جبکہ کاروبار کرنے اور کاروبار بنانے میں بھی مدد فراہم کی جاتی ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانہ کاروبار میں جتنی ڈیمانڈ ہوگی اتنا ہی منافع یقینی ہے اور اس سے نہ صرف قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آرہے ہیں ، حکومت چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی ۔ انہوں نے صوبہ سندھ میں چھوٹے اور درمیانہ کے کاروبار کی بڑی گنجائش ہے اس ضمن میں لوگوں کو آگاہی اور ترغیب دینے سے مثبت نتائج یقینی ہیں ، مقامی اور گھریلوسطح پر کاروباری سرگرمیوں سے قومی معیشت کے استحکام میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی بڑھنے سے چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کو فروغ حاصل ہو ا ہے جبکہ مقامی لوگوں کو بھی روزگار مل رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے لیکن چھوٹے اور درمیانہ کاروبار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں لوگوں کو کاروباری سے متعلق آگاہی انتہائی نا گزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ صوبہ میں ٹیکنیکل کی تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے جہاں طالب علموں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ،ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم چھوٹے اور درمیانہ کاروبار کے فروغ میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ عام لوگوں کو بھی متعلقہ کاروبار کی با قاعدہ تعلیم فراہم کی جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا کاروبار شروع کرسکیں ۔