میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گورنر پنجاب  نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ مسترد کر دی

گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ مسترد کر دی

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۱ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی وزیراعلیٰ  کو اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق رولنگ مسترد کر دی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پی ڈی ایم کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد وزیراعلیٰ  پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی تھی، جس کیلئے 21 دسمبر شام 4 بجے اجلاس بلایا گیا تھا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعتماد کے ووٹ سے متعلق گورنر کی ایڈوائس نظر انداز کرتے ہوئے رولنگ دی اور اسمبلی اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا تھا۔ گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی رولنگ کو مسترد کرتے ہوئے اس کا جواب دے دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت گورنر کے پاس تمام اختیارات ہیں جس کے تحت وہ اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے، بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی آپ کو آئین کی شق کے تحت وزیراعلیٰ  پنجاب کو اعتماد کے ووٹ کا کہنا تھا۔ گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ آپ (اسپیکر) کی رولنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، آپ نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے، آپ اس سے انحراف نہیں کر سکتے۔ بلیغ الرحمان کا جواب میں کہنا ہے کہ آئین میں کہیں نہیں کہ اجلاس کے ہوتے ہوئے اعتماد کا ووٹ نہ لیا جا سکے، اسمبلی رولز 209 اے کے تحت اگلا سیشن فوری بلا سکتے ہیں۔ پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ  پنجاب چودھری پرویز الہی کو 21 دسمبر شام 4 بجے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا، تاہم وقت مقررہ گزرنے کے باوجود بھی وزیراعلی پرویز الہٰی نے گورنر کی ایڈوائس نظر انداز کر دی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ ہونے پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا خط مسترد کر دیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں