میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اداروں میں ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں، شہباز شریف، مریم نواز کیساتھ اہم ملاقات

اداروں میں ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں، شہباز شریف، مریم نواز کیساتھ اہم ملاقات

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۸ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

لاہور(بیورو رپورٹ) مریم نواز نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے اہم ملاقات کی ہے جس میں ان کے درمیان پارٹی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پارٹی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مریم نواز سے ان کی والدہ کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور کلثوم نواز کی صحت کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اداروں میں ٹکراؤ کی فضا ملکی مفاد میں نہیں ہے،ہر ادارے کو اپنی حد میں رہ کر کام کرنا چاہیے،کیونکہ سیاسی ماحول میں استحکام ہی ملکی مفاد میں بہتر ہے۔واضح رہے کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان گزشتہ 6 ماہ کے دوران یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے، این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے دوران بھی الیکشن مہم مریم نواز نے چلائی تھیم جبکہ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز غیر اعلانیہ طور پر اس سے لاتعلق رہے تھے۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اداروں سے الجھنے اور ٹکراؤ کی سیاست سسٹم کو نقصان پہنچائے گی اور اگر خدانخواستہ پاکستان کو نقصان ہوا تو ہم اپنے آپ کو معاف نہیں کرسکیں گے،دہشت گردی سمیت قومی مسائل سب کو مل کر حل کرنا ہیں ،مجھے اپنی فوج سے پیار ہے ، مجھے اپنی پولیس سے پیار ہے اور مجھے اپنی رینجرز سے پیار ہیم ہم سب اکٹھے کام کریں گے تو کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارایوان اقبال میں آل پنجاب حسن قرأت اور نعت خوانی کے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے،عالمی سطح پر ملک کی ساکھ اور عزت منوائیں گے اور قومی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے ، دہشت گردی پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے سمیت اہم قومی مسائل کا حل جمہوریت کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ باتوں سے محل نہیں بنتے اس کے لیے سولہ سولہ گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے ،قوم کے دلوں میں گھر کرنا پڑتا ہے،پالیسیوں کا تسلسل ہی اصل کامیابی ہے،ہمیں سب کو ساتھ لے کر خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے،جو اصل عبادت ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں