پیپلزپارٹی نے 15سال آنکھوں میں دھول جھونکی، مصطفی کمال
شیئر کریں
ایم کیو ایم کے مصطفی کمال نے سندھ میں ترقی کے صوبائی حکومت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا اگر کچھ کیاہوا ہوگا تو چاند پر تونہیں زمین پر ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ حکومت کی15سالہ کارکردگی بیان کی،بتایا جارہا تھاکہ سندھ دنیا میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ صوبہ بن گیا ہے ، ایم کیوایم پاکستان وزیراعلیٰ سندھ کے تمام دعوؤں کو رد کرتی ہے ۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، اگر کچھ اچھا ہوتا تو ہم وزیراعلیٰ سندھ کے کاموں کی تعریف کرتے ۔انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم ایم پی ایز نے اسمبلی میں پورے سندھ کامقدمہ لڑنے کی کوشش کی، سندھ کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی گئی،دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ حکومت کو اپنی کارکردگی بتانے کیلئے اربوں روپے خرچ کرنا پڑیں، کچھ اچھا کیا ہوگا تو چاند پر تو نہیں کیا ہوگا، زمین پر ہوگا تو لوگ اچھا بولیں گے ۔رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی پریزنٹیشن کے دوران ہر 2منٹ بعد اشتہار چلتے رہے ،دنیا میں جہاں بھی کام ہوتا ہے حکومت کو اشتہارات لگاکر کارکردگی بتانے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔انھوں نے بتایا کہ پچھلے 15سالوں میں سندھ حکومت نے 18ہزار ارب روپے خرچ کئے ، 18ہزارارب اتنے ہوتے ہیں پورے سندھ کو مسمار کرکے 50باردوبارہ بناسکتے ہیں۔ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا کہ کراچی سے کشمور تک ہر طرف تباہی ہے ، 3ہزار200ارب روپے تعلیم پر لگائے اور بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔انھوں نے بتایا کہ میری میئرشپ میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنیوالے شہروں میں شامل تھا اور آج کراچی دنیا کے 5 بدترین رہنے والے شہروں کی جگہ میں شامل ہے ۔


