میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں طوفانی بارش، چھتیں اڑگئیں، درخت اکھڑگئے، بجلی غائب، 11جاں بحق

کراچی میں طوفانی بارش، چھتیں اڑگئیں، درخت اکھڑگئے، بجلی غائب، 11جاں بحق

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۳ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا پیر اور منگل کی درمیانی شب کراچی میں آندھی اور طوفانی بارش کے بعد شہرکے متعدد علاقے زیرآب اور کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، جبکہ کرنٹ لگنے اور چھت گرنے کے واقعات میں کم سن بہن بھائی سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے، تیز ہواؤں کے باعث طوفانی بارش سے کورنگی اور لانڈھی سمیت مضافاتی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیںکراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر میں چند روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شاہ فیصل ٹاؤن گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، ملیر، ایئر پورٹ، یونیورسٹی روڈ، گلشن حدید، گلشن اقبال، شارع قائدین، پٹیل پاڑہ اور دیگر علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی، بارش کا یہ سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا اور شارع فیصل ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،شہر میں بارش کا پانی مختلف سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث جگہ جگہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ کئی علاقوں میں ٹریفک بھی جام ہوگیا بفرزون، گولیمار، لسبیلہ، اولڈ سٹی ایریا، گلشن اقبال، ایف بی ایریا میں بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہوسکی، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی بجلی بھی غائب ہوگئی اور کراچی کے اکثر علاقے تاحال بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پہلے گرد آلود تیز آندھی چلی اور پھر اچانک موسلا دھار بارش نے لانڈھی، کورنگی، ملیر ہالٹ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی ،نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، مارٹن کوارٹرز، جہانگیر روڈ، جمشید روڈ،لسبیلہ، نشتر روڈ گارڈن، گرومندر، نمائش صدر، لیاری، کورنگی کھارا در، میٹھا در سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں جل تھل کردیا،جبکہ بارش کی چند بوندیں گرتے ہی شہر کے 300فیڈر ٹرپ کر گئے ۔پی ایم ٹیز پھٹنے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا اور مسقط اور دبئی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کو نوابشاہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا،کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ طوفانی بارش سے سیکڑوں مقامات پر بجلی کے تار ٹوٹ گئے ،تاہم عملہ علاقوں میں موجود ہے اور وہ بجلی کی بحالی میں مصروف ہے،دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں 2روز سے جاری گرمی سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ہے، دباؤ کم ہونے کے باعث سمندری ہواؤں کی رفتار بھی کم ہوگئی، تاہم بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے اثرات بارش کی شکل میں کراچی پہنچ گئے ہیں۔ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 37ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ گلشن حدید 32ناظم آباد 31پی اے ایف فیصل بیس 29پی اے ایف مسرور 26ماڈل آبزرویٹری اور کراچی ائیرپورٹ میں 12ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا سلسلہ مزید 24گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں