زائدالمیعاد دوائیں خرید کر سرکاری ہسپتالوں کو بیچنے والا شخص گرفتار
شیئر کریں
کارروائی کی، ضبط شدہ ادویہ ٹیسٹ کیلئے بھیج دی گئیں ، عبدالغفار ولد ابراہیم غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کی ادویہ تیار کرنے میں بھی ملوث ہے، ایف آئی اے
ایف آئی اے نے میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ مار کر زائد المیعاد ادویہ خرید کر سرکاری ہسپتالوں کو فراہم کرنے والے عبدالغفار ولد ابراہیم کو گرفتار کرلیاہے جبکہ ملزم کے قبضے سے بھاری تعداد میں دوائیں بھی برآمد کرلی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اور صوبائی ڈرگ انسپکٹرنے ٹیم کے ساتھ چھاپہ مارا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف صوبائی ڈرگ انسپکٹر ذاکر سموں نے درخواست میں الزام لگایا تھا کہ ملزم سرکاری ہسپتالوں سے زائد المیعاد ادویہ خرید کر جعلی اسٹیمپ لگانے کے بعد دوبارہ عام مارکیٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں سپلائی کرتا ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد جمیل کی نگرانی میں ٹیم نے صوبائی ڈرگ انسپکٹر کے ساتھ میڈیسن مارکیٹ میں میسرز آر جی میڈیکوز پر چھاپہ مارا اور دکان میں موجود ادویہ کو لیباریٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم زائد المیعاد ادویہ فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کی ادویہ تیار کرنے میں بھی ملوث ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ 27/17، ڈرگ ایکٹ مجریہ 1976 کے سیکشن 30 کی دفعہ 27 اور r/w-23 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ لیب رپورٹ آنے پر ملزم کے خلاف مقدمے میں مزید دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔