طاہر القادری کا مال روڈ پر دھرنے کا اعلان، نواز شریف سپریم کورٹ پر حملہ آور ہیں، عمران خان
شیئر کریں
لاہور/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ/ خبر ایجنسیاں) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مال روڈ دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 اگست کو مال روڈ پر شہداء کی بچیاں دھرنا دیں گی۔ طاہر القادری نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16اگست کو شہدائے ماڈل ٹائون کی بیٹیاں بہنیں بیوگان اور زخمیوں کے اہل خانہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے انصاف کی اجتماعی درخواست کے ساتھ مال روڈ پر بیٹھیں گے اور میں ان کے پاس اظہار یکجہتی کیلئے جائوں گا ،اڑھائی سال سے باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کروانے کیلئے دھکے کھارہے ہیں،عدالت کے احترام کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ سے مودبانہ درخواست ہے کہ وہ عیدالاضحی کے بعد پہلے ہفتے میں غیر جانبدار بنچ تشکیل دے کر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے سے متعلق ہماری درخواست کی سماعت اور فیصلہ کراوئیں،پاناما پر قائم جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلک ہو سکتی ہے اور اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آسکتا ہے تو سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کیوں نہیں ہو سکتی، یہ کرپشن کا نہیں انسانی جانوں کی حرمت کا معاملہ ہے پریس کانفرنس کے موقع پر شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء بھی موجود تھے۔ انہوں نے سربراہ عوامی تحریک سے درخواست کی کہ اگر انصاف سڑکوں پرانے سے ہی ملنا ہے تو پھر ہمیں ہم تادم انصاف احتجاج کی اجازت دیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نواز شریف کی ریلی کے باعث مردان کا جلسہ ملتوی کردیا کپتان نے پارٹی عہدیداروں کو جلسے کی تاریخ تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی پاکستان تحریک انصاف نے تیئس اگست کو مردان جلسہ ملتوی کر دیا، عمران خان کہتے ہیں اس وقت نواز شریف سپریم کورٹ پر حملہ کرنے اور خود کو بچانے کی مہم چلا رہے ہیں نواز شریف کی مہم کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرنی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یوم ازادی کے موقع پر 14اگست کو کرپشن سے پاک پاکستان میں نئی صبح طلوع ہو گی سانپ زخمی ہو کر عدلیہ اور فوج پر حملے کرنے کی کوشش کر رہا ہے راولپنڈی میں تھکی ہوئی ریلی کے بعد اب نواز شریف اور ان کے حواری13اگست کا شو بھی دیکھ لیں ،راولپنڈی کے عوام عمران خان کا فقید الثال استقبال کریں گے اب یہ صرف لال حویلی یا شیخ رشید کا جلسہ نہیں ،بلکہ عمران کان کا بھی جلسہ ہے لیاقت باغ میں جلسہ کی اجازت کے لئے انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے توقع ہے کہ انتظامیہ تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار جمعہ کی شام لیاقت باغ میں تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی سیکریٹری جنرل عطا ء اللہ شادی خیل ضلعی صدر زاہد کاظمی شعبہ خواتین کی صدر شمیم افتاب اراکین اسمبلی اعجاز خان جازی راشد حفیظ شعیب عادل صدیقی اور عارف عباسی کے ہمراہ مشرکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ نہیں، بلکہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے نواز شریف اگر رابطہ کریںگے تب بھی ان سے بات نہیں کروں گا، سسٹم کو کوئی خطر نہیں صرف نواز شریف کی ذات کو خطرہ ہے عجیب بات ہے جب نواز شریف اقتدار میں ہوتے ہیں تو ان کو میثاق جمہوریت یاد نہیں رہتا نواز شریف حکومتی وسائل استعمال کررہے ہیں اور حکومت میں رہ کر بھی اپوزیشن کا رول ادا کررہے ہیں آئندہ الیکشن میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور میں دونوں الیکشن لڑیں گے، این اے 120سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس لیا جائے۔