شاہد خاقان عباسی کی بھاری بھر کم نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ، نثار کا انکار
شیئر کریں
وزارت توانائی کے نام سے نئی وزارت قائم ہو گی ٗ نئی کابینہ میں28 وفاقی وزرااور19وزرائے مملکت شامل
وفاقی وزیر کیوں نہیں بنایا گیا ٗ دانیال عزیز ناراض ہوگئے ٗنجی ٹی وی کا دعویٰ
وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی کی نئی کابینہ کے 44ارکان نے حلف اٹھالیا صدر مملکت ممنون حسین نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔جمعہ کو حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی اس دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ کے 44ارکان نے حلف لیا کابینہ کے 3 ارکان حلف برداری کی تقریب سے غیر حاضر تھے جن میں دانیال عزیز ٗدوستین ڈومکی اور ممتاز تارڑشامل ہیں۔وزارت توانائی کے نام سے نئی وزارت قائم ہو گی، نئی کابینہ میں28 وفاقی وزرااور19وزرائے مملکت شامل ہیں، جن میں خواجہ محمد آصف وزیرخارجہ ٗاحسن اقبال وزیر داخلہ ٗخرم دستگیر وزیر دفاع ٗرانا تنویر حسین وزیر دفاعی پیداوار ہوں گے جبکہ سردار محمد یوسف بدستور وفاقی وزیر مذہبی اْمور ہی رہیں گے۔اسحاق ڈار ایک بار پھر وزیر خزانہ ہوں گے ٗ نئی کابینہ میں مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات کا منصب دیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ میں دانیال عزیز کو وزارت اْمور کشمیر، سائرہ افضل تارڑکو وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کا قلمدان حوالے کیا گیا ہے۔سینیٹر مشاہداللہ خان کو وزیرماحولیات کا قلمدان دیا گیا جبکہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشے رحمان کا گزشتہ قلمدان برقرار رکھا گیا ٗحافظ عبدالکریم وزیرمواصلات، جنید انور وزیرمملکت مواصلات اور وزیرمملکت طارق فضل چودھری کو وزارت کیڈ کا قلمدان دے دیا گیا۔دیگر وفاقی وزرا میں پرویزملک ٗ اویس لغاری ٗ خواجہ آصف ٗ اکرم درانی ٗ ریاض پیرزادہ، حافظ عبدالکریم، جاوید علی شاہ اوربلیغ الرحمان شامل ہیں جبکہ خواجہ سعدرفیق، کامران مائیکل، عبدالقادربلوچ، سکندرحیات بوسن اور محسن شاہنواز بھی وزیربن گئے۔نئی کابینہ کی منظوری سابق وزیراعظم نواز شریف نے دی ٗچودھری نثار نے کابینہ میں شمولیت سے معذرت کی تھی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ کے نامزد ارکان کو خود ٹیلی فون کر کے انہیں وفاقی کابینہ کا حصہ بنانے سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق نئی وفاقی کابینہ میں نئے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں، پرویز ملک، طلال چوہدری، جنید انوار چوہدری، دانیال عزیز اور محسن شاہنواز شامل ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیرمملکت کا قلمدان حاصل کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز حلف نے اعتراض اٹھایا کہ انہیں وفاقی وزیر کیوں نہیں بنایا گیا ٗان کا اصرار ہے کہ انہوں نے حکومت کی بہتر انداز میں وکالت کی اس لئے انہیں وفاقی وزیر کا قلمدان دیا جانا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ سندھ سے پیرصدرالدین راشدی،ایازشیرازی اورڈاکٹردرشن بھی کابینہ کاحصہ ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے 3وزرا کو شامل کیا گیا ٗ فاٹاسے غالب خان اور وفاق سے طارق فضل چودھری کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ۔