میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جب کشتی ڈوبنے لگتی ہے تو بوجھ اتارا کرتے ہیں

جب کشتی ڈوبنے لگتی ہے تو بوجھ اتارا کرتے ہیں

ویب ڈیسک
منگل, ۱ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

آئی جی سندھ کی غیر مستحکم پوزیشن، اہم افسران ساتھ چھوڑنے لگے
خودکھائے نہ دوسروں کوکھانے دے والی بات آصف زرداری ‘فریال تالپراورانورمجیدجیسے لوگوں کو پسندنہیں
اے ڈی خواجہ کی عہدے سے جبری رخصتی کے لیے سندھ حکومت نے اپنے ترکش کے آخری تیرتک چلادیے
کئی افسران ڈبل گیم میں مصروف ہیں آئی جی سے وفاداری کادم بھی بھررہے ہیں ‘سندھ حکومت سے بھی ملے ہوئے ہیں
الیاس احمد
حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے لیے غلام حیدر جمالی جیسے کمائوپوت تو قبول ہیں۔ لیکن اقبال محمود اور اے ڈی خواجہ اس وجہ سے قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ اقبال محمود اور اے ڈی خواجہ جیسے لوگ نہ خود کھاتے ہیں اور نہ ہی کسی کو کھانے دیتے ہیں وہ خود بھی چوری نہیں کرتے اور حکمرانوں کو بھی چوری نہیں کرنے دیتے بس یہی بات آصف علی زرداری، فریال تالپر، انور مجید جیسے لوگوں کو پسند نہیں ہے کہ ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ ڈالی جائے۔ اور وہ اس صورتحال میں طیش میں آجاتے ہیں بس یہی وہ باتیں ہیں جس سے عوام میں ناپسندیدگی پائی جاتی ہے۔ 19 دسمبر 2016ء اور 3 اپریل 2017 ء وہ سیاہ دن ہیں جب سندھ کے موجودہ آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے خلاف حکومت سندھ نے آخری تیر چلا دیئے مگر اللہ جس کو چاہے عزت دے اورجس کو چاہے ذلیل کرے کے مصداق اللہ تعالیٰ نے ان کو دونوں مرتبہ سرخرو کیا۔ 19 دسمبر کو آئی جی سندھ پولیس کو جبری چھٹی پر بھیج دیاگیا۔ مگر ایک ہفتے میں سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔ دوسری مرتبہ 3 اپریل کو آئی جی سندھ کو ہٹاکر ایڈیشنل آئی جی عبدالمجید دستی کو خود ہی قائم مقام آئی جی سندھ پولیس مقرر کر دیا مگر 5 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نے پھر حکم امتناعی دے دیا اور تاحال یہ حکم امتناعی جاری ہے ان دونوں معاملات کے باعث حکومت سندھ میں پشیمانی تو دیکھنے میں نہیں آئی بلکہ ڈھٹائی ضرور نظر آتی ہے۔ ان ناکامیوں پر سبق سیکھنے کے بجائے مزید غلطیاں کی جا رہی ہیں۔ پھر آئی جی سندھ کے اختیارات کم کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے۔ ان کو ایس ایس پیز کے تبادلے کرنے سے روکا گیا۔ ان کو کراچی سے باہر جانے سے قبل چیف سیکریٹری سندھ سے پیشگی اجازت لینے کا پابند بنایا گیا۔ مگر بات نہ بن سکی پھر اس حکم نامہ کو واپس لے لیا گیا۔ اب آئی جی سندھ پولیس کی تین سال کی پوسٹ کا قانون ختم کرنے کی تیاری کی گئی اور یہ قانون بنانے کی کوشش کی گئی کہ آئی جی سندھ کو چیف سیکریٹری مقرر کریں گے اور جس وقت چاہیں گے ان کو ہٹا دیں گے اس مقصد کے لیے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل سندھ کا بینہ کا اجلاس بلایا گیا لیکن عین موقع پر یہ نکتہ ایجنڈے سے نکال دیا گیا۔ اب پتہ چلاہے کہ حکومت سندھ کو کسی خیر خواہ نے مشورہ دیا ہے کہ ایسا قانون نہ بنائو کیونکہ کل اگر پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت بنالی تو دیگر صوبے ایسے قوانین بناکر وفاقی حکومت کو تنگ کریں گے۔ آئی جی سندھ پولیس کو جس قدر تنگ کیا جا رہا ہے ان کے قریبی اسٹاف افسر ڈی آئی جی منیر شیخ کو چارج چھڑا دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی فنانس عمران یعقوب منہاس کو ہٹا دیا گیا۔ اے آئی جی آپریشن شیراز نذیر کو ہٹاکر وزیر داخلہ کا پی ایس او بنا دیا گیا ہے ان کے قریب ترین قابل اعتماد ساتھی ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس مشتاق مہر کو ہٹایا گیا اس کی جگہ غلام قادر تھیبو کو پولیس چیف لگا دیا گیا ہے۔ اور سردار عبدالمجید دستی کو ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مقرر کیا گیا۔ اس طرح آئی جی سندھ پولیس کو تنگ کیا جا رہا ہے جب سینئر پولیس افسران نے دیکھا کہ آئی جی سندھ پولیس کمزور پڑ رہے ہیں تو انھوں نے بھی آئی جی سندھ کوساتھ چھوڑناشروع کردیااطلاع ہے متعدداہم اعلی پولیس افسران نے آئی جی کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں ان میں سرفہرست ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر منیر احمد شیخ اپنے عہدے کا چارج چھور کر گھر چلے گئے اطلاع ہیں ان کا وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے رابطہ ہوا تو اس کے بعد منیر شیخ نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑا اس کے بعد ڈی آئی جی (آئی ٹی) سلطان خواجہ نے بھی اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا ہے۔ حالانکہ سلطان خواجہ موجودہ آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے فرسٹ کزن ہیں لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں سلطان خواجہ نے اپنے فرسٹ کزن اے ڈی خواجہ کا ساتھ نہیں دیا مگر شاباش ہے مشتاق مہر کو جنہوں نے گہری دوستی اور ہم آہنگی نہ ہونے کے باوجود بھی چٹان کی طرح جم کر کھڑے ہوگئے اور آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ سے کندھے سے کندھا ملا کر چلے ہیں ان کا مثالی ساتھ نبھایا ہے۔ مشتاق مہر نے افواہوں کی بھی پرواہ نہیں کی اور بدکردار لوگوں کی جھوٹی خبروں پر بھی توجہ نہیں دی تو حکومت سندھ کی ناراضگی یا لالچ کو پس پشت ڈال دیا ہے باقی پولیس افسران نے تو ڈبل گیم کی ہے اور آئی جی کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ سے بھی اچھے تعلقات برقرار رکھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں