میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فضائل وخصوصیات جمعہ

فضائل وخصوصیات جمعہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۱ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

جمعہ کادن دنیاکاپہلااورآخری دن ہے اسی دن حضرت آدم علیہ السلام پیداکیے گئے ‘اسی دن جنت میں داخل کیے گئے ‘اسی دن دنیامیں بھیجے گئے ‘قیامت بھی اسی دن قائم ہوگی
جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ، حق تعالیٰ کے نزدیک ہفتہ کے تمام دنوں میں سب سے عظیم ہے‘ عید الاضحی وعید الفطر سے بھی زیادہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کی عظمت ہے
مولانا رضوان اللہ پشاوری
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : ان سارے دنوں میںسے جن میں آفتاب نکلتا ہے (یعنی ہفتہ کے سارے دنوں میں) سب سے بہتر جمعہ کا دن ہے ، جمعہ ہی کے دن حضرت آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے ، جمعہ ہی کے دن آپ جنت میں داخل کیے گئے ، اور جمعہ ہی کے دن جنت سے باہر کرکے اس دنیا میں بھیجے گئے ،(جہاں ان سے نسل انسانی کا سلسلہ چلا) اور قیامت بھی خاص جمعہ ہی کے دن قائم ہوگی ۔
فضائل جمعہ:
جمعہ میںجامعیت کی شان ہونے کے سبب بھی یہ ایک عظیم الشان دن ہے ، جمعہ کی اس عظمت شان کی وجہ سے اسے سید الایام فرمایا گیا۔ ویسے تو تمام ہی دن رات اللہ تعالیٰ ہی کے پیدا کردہ ہیں ،لہٰذا ہر کوئی بندہ ان کو اللہ تعالیٰ کی عبادت و اذکار سے منور بنا سکتا ہے ، لیکن ہفتہ کے دنوں میں جمعہ کے دن اور رات کی خاص فضیلت ہے ، جمعہ کا دن نورانی ہے تو رات روشن ہے ۔
جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے ، حق تعالیٰ کے نزدیک ہفتہ کے تمام دنوں میں سب سے عظیم ہے ، اور عید الاضحی وعید الفطر سے بھی زیادہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کی عظمت ہے ، اسی لیے کہتے ہیں کہ’’جمعہ ہفتہ کی عید ہے‘‘ اور عید کا دن خوشی کا ہوتا ہے تو جمعہ کا دن بھی خالق کی خوشنودی حاصل کرنے کا دن ہے ، اسی وجہ سے اس دِن مخلوق پر خاص انعام ہوتاہے ، اس دن انتقال کرنے والے کے لیے بڑی بشارتیں حدیث میں آئی ہیں، ارشاد ہے : عَنْ عَبْدِ اللّٰہِ بْنِ عَمْرٍوؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ:ماَ مِنْ مُسْلِمٍ یمُوْتُ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ أَوْ لَیْلَۃَ الْجُمُعَۃِ اِلاَّ وَقاَہُ اللّٰہُ فِتْنَۃَ الْقَبْرِ‘‘(روہ ترمذی، مشکوٰۃ)جو مسلمان جمعہ کے دن یا رات (جمعرات کا دن ختم ہو کر جورات آتی ہے اس) میں انتقال کرتا ہے حق تعالیٰ اس کو عذابِ قبر سے محفوظ رکھتے ہیں، یعنی سوال وجواب اور عذاب سب سے حفاظت ہو جاتی ہے ۔
علمائِ محدثین کے قول کے مطابق اس حدیث کے اگر چہ مطلق ومقید دونوں ہونے کا احتمال ہے ، لیکن شراحِ حدیث فرماتے ہیںکہ اس حدیث کو مطلق رکھنا اللہ تعالیٰ کے فضل پر نظر رکھتے ہوئے اولیٰ ہے ۔ پھر ملا علی قاری ؒ نے تو مرقات میں دیگر روایات کو لاکر یہ ثابت کیا کہ جمعہ کے دن یا رات میں مرنے والا قیامت میں حساب سے بھی محفوظ رہے گا اور اس حالت میں حاضر ہوگا کہ اس کی پشت پر شہیدوں کی مہر لگی ہوگی۔(مظاہر حق جدید)
جمعہ کی خصوصیتیں :
ان حقائق سے معلوم ہواکہ جمعہ کا دن عام دنوں کی طرح نہیں ،بلکہ اس کی بہت سی فضیلتیں اور خصوصیتیںہیں۔ چناںچہ ایک حدیث میںجمعہ کی پانچ خصوصیتوںکا ذکر ملتا ہے :
(1)خَلَقَ اللّٰہُ فِیہِْ آدَمَ۔
اس مقدس دن میں کاروانِ انسانی کے پہلے فرد سیدنا آدم علیہ السلام کو اللہ رب العزت نے پیدا فرمایا، تو یہ انسانی زندگی کا پہلادن ہوا ،پھر اس دن اللہ تعالیٰ نے آپ کو جنت میں داخل فرمایا، اس اعتبار سے جنتی زندگی کابھی یہ پہلا دن ہوا،جس کی تفصیل گذر چکی۔
(2)وَ أَھْبَطَ اللّٰہُ فِیْہِ آدَمَ اِلٰی الأَرْضِ۔
اس مقدس دن میں کاروانِ انسانی کے پہلے فرد سیدنا آدم علیہ السلام کو اللہ رب العزت نے جنت سے زمین پر اتارا، لہٰذادنیوی زندگی کابھی پہلا دن جمعہ ہے،بظاہر ان کا جنت سے نکلنا اور دنیا میں اترنا کوئی بڑا کارنامہ معلوم نہیں ہوتا جسے فضیلت و خصوصیت کے مقام پر ذکر کیا جائے ، لیکن کون نہیں جانتا کہ حضرت آدم علیہ السلام کو جنت سے زمین پر نہ اتارا جاتا تو یہ بزمِ جہاں کیسے قائم ہوتی ؟ حضرات انبیاء علیہم السلام کا مقدس سلسلہ کیسے جاری ہوتا؟ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کا شرف ہمیں کیسے حاصل ہوتا؟ انسانوں میں پوشیدہ کمالات و اخلاق کیوںکر نمایاں ہوتے ؟یہ سب حق تعالیٰ کو منظور تھا اس لیے جب دنیا کا گھر سیدنا آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد کے رہنے کے لیے تیار ہوگیا، زمین کا فرش اورآسمان کی چھت تیار ہو گئی ،چاند، سورج اورستاروں کی روشنی کا انتظام ہو گیا ،سمندر، نہریں اورزمین میں دوسری تمام ضروریات وزینت کی چیزیں تیار ہوگئیں، تو اب جس کے لیے انتظام اور اہتمام کیا گیا تھا اس آدم علیہ السلام کو جمعہ کے دن جنت سے زمین کی طرف اتارا گیا، گویا جمعہ اس دنیا کا پہلادن تھا اوراسی مقدس دن میں اس عارضی دنیا کا افتتاح سیدنا آدم علیہ السلام کے دست مبارک سے ہوا۔
(3)وَفِیْہِ تَوَفَّی اللّٰہُ آدَمَ۔
اس مقدس دن میں کاروانِ انسانی کے پہلے فرد سیدنا آدم علیہ السلام کا دنیوی سفر بحسن و خوبی مکمل ہو گیا ۔ یعنی ان کی وفات ہوئی، اور موت چوںکہ اللہ تعالیٰ کی ملاقات کا سبب ہے ، اس اعتبار سے بھی یہ دن مبارک ہوا ۔ تو جمعہ ہی کے دن ان کی وفات اور عارضی دنیا سے اصلی گھر کے لیے واپسی ہوئی ۔
جمعہ کے دن کی مقبول گھڑی :
(4)وَفِیْہِ ساَعَۃٌ لاَ یَسْأَلُ الْعَبْدُ فِیْھَا شَیْئًا اِلاَّ أَعْطَاہُ، مَا لَمْ یَسْأَلْ حَرَامًا۔
اس مقدس دن میں ایک نہایت مختصرگھڑی ایسی ہے کہ اس میں ہر دعا قبول ہوتی ہے ، بشرطیکہ دعا اور سوال حرام کے متعلق نہ ہو۔‘‘ وہ خصوصی گھڑی جس میں دعا قبول ہوتی ہے اسے متعین نہیں کیا گیا بلکہ مخفی رکھا گیا، جس طرح راتوں میں شب قدر اور اللہ تعالیٰ نے اپنے ناموںمیں اسم اعظم کو چھپا رکھا ہے ،بظاہر اس کی حکمت یہ معلوم ہوتی ہے کہ (قیمتی ہیرے دکھائے نہیںجاتے ، ان کو تلاش کرنا پڑتاہے ،شب قدر، اسم اعظم اورجمعہ کی ساعت اجابت بھی قیمتی ہیرے کے مانندہیں، ان کو پانے کے لیے جد وجہد کرنی پڑتی ہے )تاکہ اس مقدس دن میں مسلمانوں کا اکثر وقت دعا اور توجہ الی اللہ میں گذرے ،تاہم شارحین حدیث نے جمعہ کی ساعت قبولیت کے متعلق مختلف اقوال نقل کیے ہیں ۔
صاحب مظاہر حق نے ۳۵/اقوال ذکر فرمائے ہیں۔ لیکن یہ سب ظنی و تخمینی ہیں، قطعی و یقینی نہیں، البتہ ان میں دو قول ایسے ہیں جن کا ذکر صراحۃًیا اشارۃًبعض احادیث میں بھی ملتا ہے ۔
پہلا قول یہ ہے کہ جس وقت امام خطبہ ٔ جمعہ کے لیے منبر پر جائے تب سے نماز جمعہ ختم ہونے تک کا وقت قبولیت کا ہے ۔ حضرت امام شافعیؒنے اسی کو اختیار فرمایاہے ۔
دوسرا قول یہ ہے کہ عصر کے بعد سے لے کر غروبِ آفتاب تک کا وقت قبولیت کا ہے ۔ حضرت امامناالعلام امام اعظم ابوحنیفہ النعمان رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اسی قول کو پسند فرمایا ہے ۔
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ نے ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ میں یہ دونوں اقوال نقل کرنے کے بعد اپنا خیال یہ ظاہر فرمایا ہے کہ ان دونوں باتوں کا مقصد بھی حتمی تعین نہیں ہے ، بلکہ ظنی تحدید ہے ، منشا صرف یہ ہے کہ خطبہ اور نماز کا وقت چوںکہ بندگانِ خدا کی توجہ الی اللہ اور عباد ت ودعا کا خاص وقت ہے ،اس لیے اس کی امید کی جا سکتی ہے کہ وہ ساعت اسی وقت میں ہو، اور اسی طرح چوںکہ عصر کے بعد سے غروب تک کا وقت نزولِ ملائکہ کا وقت ہے ، اور وہ پورے دن کا گویا نچوڑ ہے ،اس لیے اس وقت بھی توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ ساعت غالباً اس مبارک وقفہ میں ہو ۔
ایک حدیث سے اس کی تائید بھی ہوتی ہے :عَنْ أَنَسٍؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ: اِلْتَمِسُوْا السَّاعَۃَ الَّتِیْ تُرجٰی فِیْ یَوْمِ الْجُمُعَۃِ بَعْدَ الْعَصْرِ اِلٰی غَیْبُوْبَۃِ الشَّمْسِ(ترمذی، مشکوٰۃ)
جمعہ کے دن اس ساعت کو جس میں دعا کی قبولیت کی امیدہے عصر کے بعد سے غروبِ آفتاب تک تلاش کرو۔ اسی وجہ سے حضرت علیؓ، حضرت فاطمہؓ اور تمام اہل بیت رضی اللہ عنہم خصوصاً (اور حضرات صحابہؓ عموماً) اپنے خادموں کو متعین کرتے کہ وہ جمعہ کے دن آخری گھڑی کا خیال رکھیں اور سب کو یاد دلائیں، تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کی عبادت اور دعا میں مشغول ہوجائیں ۔ (مظاہر حق جدید)
اس لیے بہت سے اکابر جمعہ کے ان دونوں اوقات میں خصوصاً عصر سے مغرب تک مسجد سے نکلنا اور لوگوں سے ملنا جلنا اور بات چیت کرنا پسند نہیں کرتے ،بلکہ بہ نیت اعتکاف نماز یا ذکر و دعا اور توجہ الی اللہ میں مصروف رہتے اور فرماتے تھے کہ’’اسی وقت میں بہت کچھ ملتاہے ‘‘ہمیں بھی یہی کرناچاہیے ۔
(5) وَفِیْہِ تقُوْمُ السَّاعَۃ۔ (رواہ ابن ماجہ، مشکوٰۃ)
اسی مقدس دن میں قیامت قائم ہوگی‘‘۔ اس لیے دنیاکا آخری دن بھی جمعہ ہے ، کہ قیامت اسی کے بعد قائم ہوگی(مراد نفخۂ اولیٰ ہے ) جس میںنیکوں کو ان کی نیکیوں کا بھر پور بدلہ دخولِ جنت کی شکل میں ملے گا، اور جس میں اولین و آخرین کو جمع کیا جائے گا ۔
فقیہ النفس حضرت اقدس مفتی سعید احمد صاحب پالنپوری دامت برکاتہم فرماتے ہیں کہ ’’قیامت کابرپا ہونا خواہ کفارکے حق میں براہو، مگرمومنین کے حق میں خیرہے ؛ کیوںکہ جب قیامت برپا ہوگی تبھی مومنین کو جنت ملے گی، تو گویا مومنین جنت میں جمعہ کے دن جائیںگے ۔ (تحفۃالالمعی)
جب قیامت قائم ہوگی تو قبروں میں جو کروڑوںبلکہ اربوں کھربوں انسان دفن ہوئے ہیں انہیں میدانِ محشر میںجمعہ کے دِن جمع کیا جائے گا۔ کیوںکہ اس میں جامعیت کی خصوصی شان ہے ،اس طرح جمعہ دنیا کا پہلا اور آخری دن ہے ، اوریہ بھی اس کی عجیب خصوصیت ہے ۔
ترکِ جمعہ کی وعید :
جوشخض جمعہ ترک کردے اس کے لیے سخت وعید بھی ہے :عَنْ أَبِیْالْجَعْدِ الضَّمْرِیِّ رَضِیَاللّٰہُ عَنْہُ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ:مَنْ تَرَکَ ثلَاثَ جُمَعٍٍ تَہَاوُنًا بِہَا، طَبَعَ اللّٰہُ عَلٰی قَلْبِہ۔(رواہ أبوداود، مشکوٰۃ)جس نے محض سستی سے تین جمعہ ترک کیے اس کے دل پر اللہ تعالیٰ مہر لگادیتاہے ۔
ایک اور حدیث میں فرمایا :عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍؓ أَنَّ النَّبِیَّﷺ قَالَ: مَنْ تَرَکَ الْجُمُعَۃَ مِنْ غَیْرِ ضَرُوْرَۃٍ،کُتِبَ مُنَافِقًا… الخ (مشکوٰۃ)جس نے بلا عذر کے ایک (یاتین)جمعہ کوچھوڑدیا اسے ہمیشہ کے لیے منافق (عملی) لکھ دیاجائے گا۔
ان حدیثوں میں جمعہ کی جو غیر معمولی اہمیت و فضیلت بیان فرمائی گئی اور اس کے ترک پر جو وعیدیں سنائی گئیںوہ کسی تشریح وتوضیح کی محتاج نہیں، لیکن افسوس کہ آج بعض ناواقف مسلمانوں کو جمعہ کے دن کی اہمیت کا احساس تک نہیں۔
ربِ کریم ہمیںتمام منکرات و معاصی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے( آمین)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں