جے آئی ٹی رپورٹ شریف خاندان کی توقع سے زیادہ بدتر ہے، اکانومسٹ
شیئر کریں
نواز شریف کی حکومت حالیہ ادوار کی حکومتوں میں سب سے زیادہ شفاف رہی ، موجودہ ہل چل کا جوبھی نتیجہ نکلے اس کا اثر منفی ہوگا ،برطانوی جریدہ کی رپورٹ
برطانوی جریدے اکانومسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ شریف خاندان کی توقع سے کہیں زیادہ بدتر ہے۔برطانیہ کے معروف جریدے اکانومسٹ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے پاکستانی سیاست میں ہل چل مچا دی ہے ٗ تاہم موجودہ ہل چل کا جوبھی نتیجہ نکلے اس کا اثر منفی ہوگا۔ جریدے کے مطابق نواز شریف کے حالیہ دور میں قدرے استحکام اور خوشحالی رہی ٗدہشت گردی میں ڈرامائی کمی آئی اور اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا نواز شریف کی حکومت حالیہ ادوار کی حکومتوں میں سب سے زیادہ شفاف رہی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی رپورٹ پر 17 جولائی کو سماعت کریگی، امکان ہے کہ جواب دینے کیلئے نواز شریف کو چنددن دیئے جائیں گے، جریدے نے اس امکان کا اظہار بھی کیا ہے کہ آئینی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر انہیں عہدے سے فارغ کیا جاسکتا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے نیب کو ان الزامات کی تفتیش سونپ دے۔