انتخابات میں مہاجر ووٹ تقسیم نہیں ہونے دیں گے‘ آفاق احمد
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ جب تک جے آئی ٹی کی رپورٹ پر فیصلہ نہیں دیتی، انتشار نہیں پھیلانا چاہئے ہمارے لئے اس جے آئی ٹی سے زیادہ بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی کی رپورٹ اہم ہے جسے ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا، بیت الحمزہ جو کسی کی فرمائش پر مسمار کیا گیا تھا اب 23جولائی کو اس کی تعمیر نو شروع کی جائے اور اسی دن بیت الحمزہ گرائونڈ میں جلسہ کریں گے جبکہ ستمبر میں شاہراہ قائدین پر بھی ایک بڑا جلسہ کریں گے۔ آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور مہاجروں کو متحد کرنے کے لئے اتحاد بھی ہوسکتے ہیں۔ فاروق ستار اور مصطفی کمال اینٹی الطاف حسین ہیں، جبکہ میں مہاجر پرست ہوں اور مہاجروں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔ان خیالات کا اظہار منگل کو لانڈھی میں عارضی بیت الحمزہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ جے آئی ٹی پر مہاجر قومی موومنٹ کا واضح مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ جب تک جے آئی ٹی کی رپورٹ پر فیصلہ نہیں دیتی، انتشار نہیں پھیلانا چاہئے۔ ہمارے لئے اس جے آئی ٹی سے زیادہ بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی کی رپورٹ ہے جسے ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بزرگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتخابات سے قبل کراچی اور حیدرآباد میں مہاجر عوام کو اتنا متحرک کردیں گے کہ مہاجر عوام کی تقسیم کا کوئی سوچ بھی نہیں سکے گا۔ مہاجر قوم کے مفاد میں امیدوار ایک ہونا چاہئے تاکہ مہاجر ووٹ تقسیم نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی کی فرمائش پر پرویز مشرف کے دور میں بیت الحمزہ کو مسمار کیا گیا۔ عمرے کے موقع پر جنرل (ر) پرویز مشرف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ انہیں دھوکے میں رکھ کر غلط کام کرایا گیا، انہوں نے کہا کہ آفاق کی گنتی ملین سے شروع نہیں ہوتی ، ایک دو سے گنتی شروع کرتا ہوں،میں عوام کو دھوکے میں نہیں رکھنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آر سی ڈی گراؤنڈ میں خواتین کا بڑا جلسہ کرکے دکھا دیا کہ عوام کس کی ساتھ ہیں۔