ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت منہدم، ڈی جی ایس بی سی اے، ڈی سی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ معطل
شیئر کریں
وزیراعلیٰ کی 16 افسران کی معطلی اور عمارت کے مالک و بلڈر کی فوری گرفتاری کی ہدایت
عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم
بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت اقدامات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا، جبکہ ایس بی سی اے کے 16 متعلقہ افسران کو بھی معطل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت واقعے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کریں گے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو یا شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑے۔
بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی مشاورت سے محکمہ بلدیات اور متعلقہ اداروں کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری عہدے سے ہٹانے اور وفاقی حکومت کو ان کی معطلی اور انکوائری کی سفارش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ ایس بی سی اے کے 16 متعلقہ افسران کی معطلی کی ہدایت کردی۔
انہوں نے حکم دیا کہ مکمل انکوائری کرائی جائے اور اگر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم غفلت یا بے ضابطگی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ چیف سیکریٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرکے غفلت اور بے ضابطگی میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


