میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بن احسان گرین سٹی کی اراضی اور منظوری کا جھگڑا تیز

بن احسان گرین سٹی کی اراضی اور منظوری کا جھگڑا تیز

جرات ڈیسک
منگل, ۱۰ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایس ایم نقی نامی انویسٹراور پلاٹس کے خریداروں کا بلڈر فیصل اور فہد کے خلاف احتجاج

ابتدائی منظوری، سینکڑوں ایکڑ کی تشہیر اور شہریوں سے وصولیوں پر تحقیقات کا مطالبہ

کراچی (خصوصی رپورٹ) ایم نائن موٹروے پر بن احسان بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے رہائشی منصوبے بن احسان گرین سٹی کی قانونی حیثیت، اراضی کی ملکیت اور متعلقہ اداروں سے حاصل کردہ منظوریوں کے بارے میں سنگین سوالات ایک مرتبہ پھر سامنے آگئے ہیں۔ روزنامہ جرأت کی مختلف تحقیقاتی رپورٹوں میں سامنے آنے والے انکشافات کے بعد جون 2026میں شائع ہونے والی خبر نے منصوبے کے اجازت نامے اور زمین کے کھاتوں کی تصدیق کا معاملہ مزید اہم بنا دیا ہے ۔اس دوران میں منصوبے کے سرمایہ کاروں نے بلڈر فیصل
احسان اور فہداحسان سے وعدوں کے مطابق پلاٹس کے مطالبات کرنے شروع کر دیے ہیں اور معاملہ احتجاج تک پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ منصوبے کے ایک سرمایہ کار ایس ایم نقی نے اس حوالے سے باقاعدہ ایک مہم بھی شروع کر دی ہے، تاہم ایس ایم نقی اپنی مہم میں اس سوال کا جواب نہیں دے پا رہے کہ انہوں نے سرمایہ کاروں کو اپنی مبینہ ‘‘ساکھ’’ پر راغب کیا تو وہ زمین کی اصل ملکیت اور بن احسان سے قانونی دستاویزات کے مطالبات عین سرمایہ کاری کے دوران کیوں نہیں کر سکے؟اس اہم سوال کا جواب جاننے کے لیے نمائندہ جرأت کی
جانب سے ایس ایم نقی سے رابطے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ واضح رہے کہ بن احسان گرین سٹی کا منصوبہ ابتداسے ہی تنازعات کا شکار رہا ہے، اور اس حوالے سے فہد نامی بلڈر کے تمام ہی دعوے اور وعدے غلط ثابت ہوتے رہے ہیں۔ روزنامہ جرأت کی جانب سے 7؍ نومبر کو فہد نامی بلڈر سے یہ سوالات پوچھے گئے :
٭ آپ کے پاس مذکورہ منصوبے کے لیے کل کتنی زمین ہے، یعنی فارم ٹو پر کتنی ہے؟آپ کے پاس سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے دس اور گیارہ ایکٹر کے دو فیزز میں بالکل ابتدائی منظوری تھی، مگر آپ اپنے منصوبے کو تین سو ایکڑ پر پھیلا چکے ہیں؟ کیا یہ دس اور گیارہ ایکڑ کی منظوری ابھی بھی برقرار ہے یا نہیں؟
٭سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنٹرول کی جانب سے ایک خط نمبر AD/P&DC/SDA/118/2026 میں بن احسان گرین سٹی کی اراضی کے کھاتوں کی متعلقہ اداروں سے دوبارہ تصدیق کرانے کی ہدایت دی گئی تھی، کیا کرا لی گئی؟
٭ اگر یہ تصدیق تاحال نہیں ہو سکی تو کیوں ؟
٭جرأت سیل کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق آپ کا 53؍ ایکٹر اراضی کے ایک فیز کا معاملہ ڈی سی جامشورو کے دفتر میں کئی سال سے زیر التوا ہے، اس التوا کے پیچھے کیا محرکات ہیں؟ کیا آپ زمین کی حقیقی ملکیت ثابت کرنے میں ناکام ہیں؟ یا کچھ اور ؟
٭آپ کی طرف سے معلوم 10ایکڑ 27 گھُنٹے زمین کی حاصل این او سی (جو بعد میں معطلی سے دوچار ہے) پر 300ایکڑ اراضی کی بکنگ اور تشہیر کس قانون کے تحت ہو رہی ہے؟
ٌ ٭ایک انویسٹر ایس ایم نقی نے آپ پر یہ الزام لگایا ہے کہ آپ متعدد الاٹیز کی رقم لے کر انہیں پلاٹ دینے میں ناکام رہے، دوسری طرف جس منصوبے کے عوض بکنگ اور قسطیں وصولی گئیں وہ واضح طور پر غیر یقینی کا شکار ہے، ایسے میں بن احسان گروپ کی ویب سائٹ پر گرین سٹی، گرین سٹی فیز ون اور گرین ویلی کی تشہیر ابھی تک موجود ہے ، کیا یہ سب غلط نہیں ؟
جرأت کی جانب سے پوچھے گئے مذکورہ سوالات پر چار روز گزرنے کے باجوود بلڈر نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ پورا منصوبہ ابتدا میں ایس ڈی اے(سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی ابتدائی منظوری سے لے کر اب تک صرف انویسٹرز کو فریب زدہ رکھنے کا مکروہ کھیل ثابت ہوتا رہاہے۔ اس ضمن میں مزید حقائق آئندہ اشاعتوں میں سامنے لائے جائیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں