میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے ٹو ایئرویز کارگو طیارے کی انشورنس حادثے سے 13 روز قبل ختم ہونے کا انکشاف

کے ٹو ایئرویز کارگو طیارے کی انشورنس حادثے سے 13 روز قبل ختم ہونے کا انکشاف

جرات ڈیسک
اتوار, ۱۶ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

حادثے کا شکار طیارے کا انشورنس سرٹیفکیٹ 24 جون 2025 کو جاری ہوا،

ایک سالہ پالیسی 24 جون 2026 کو ختم ہوگئی، سی اے اے کا ریکارڈ تحقیقاتی بورڈ کے پاس ہونے کے باعث مؤقف دینے سے گریز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گوادر کے قریب گہرے سمندر میں حادثے کا شکار ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کی انشورنس پالیسی مبینہ طور پر حادثے سے تقریباً 13 روز قبل ختم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد طیارے کو انشورنس کی تجدید کے بغیر پرواز کی اجازت ملنے سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گوادر کے قریب 7 جولائی کو حادثے کا شکار ہونے والے کارگو طیارے سے متعلق ایک انشورنس دستاویز سامنے آئی ہے، جس کے مطابق طیارے کا انشورنس سرٹیفکیٹ 24 جون 2025 کو جاری کیا گیا تھا اور یہ ایک سال کے لیے مؤثر تھا۔

دستاویز کے مطابق پالیسی کی مدت 24 جون 2026 کو مکمل ہوگئی تھی، جبکہ طیارہ 7 جولائی کو حادثے کا شکار ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ انشورنس دستاویز میں کے ٹو ایئرویز کے طیارے کے لیے آل ہل رسک انشورنس، لائبیلیٹی، اسپیئرز، انجن اور ہائی جیکنگ سمیت مختلف کوریجز 100 فیصد درج تھیں۔

دستاویز کے تحت مخصوص علاقوں کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے طیارے کو عالمی سطح پر انشورنس کوریج حاصل تھی۔انشورنس کی مبینہ میعاد ختم ہونے کے انکشاف کے بعد یہ سوال بھی سامنے آیا ہے کہ اگر پالیسی کی تجدید حادثے سے قبل نہیں ہوئی تھی تو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارے کو فضائی سفر کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے پرواز کی اجازت کس بنیاد پر دی۔

سی اے اے حکام سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایئرلائن کو جاری کیا گیا ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس موجود ہے، تاہم حادثے سے متعلق تمام ریکارڈ تحقیقاتی بورڈ کے پاس ہے، اس لیے انشورنس کے معاملے پر فی الحال کوئی حتمی مؤقف نہیں دیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے حادثے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، جبکہ انشورنس پالیسی کی مبینہ میعاد ختم ہونے سے متعلق معاملہ بھی تحقیقاتی عمل میں اہم سوال بن کر سامنے آیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں