آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
مفتی محمد وقاص رفیع
کاروبار میں منافع کی شرعی حد کا حکم:
سوال:جس طرح دکان والا یا کوئی بھی دوسرا شخص اگر ایک چیز پر منافع بہت زیادہ لے رہا ہے مطلب مثال کے طور پر دس روپے کی چیز ہے وہ پچاس کی بیچ رہا ہے یا سو کی بیچ رہا ہے تو کیا اس پر اُس کو گناہ ملے گایا نہیں؟سائلہ: ماہ جبیں (قلعہ دیدار سنگھ)
جواب: شریعت نے منافع کے حوالے سے خریدنے اور بیچنے والے کو کسی خاص قسم حدبندی کا پابند نہیں کیا، بلکہ اس معاملے کو عرف پر چھوڑا ہے، البتہ تاجر کو اس بات کا پابند ضرور بنایا ہے کہ وہ کسی کی مجبوری کا غلط فائدہ نہ اٹھائے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
اکیلے فرض نماز ادا کرنے کے بعد جماعت میں شامل ہونے کا حکم:
سوال: ایک آدمی نے اکیلے اپنی فرض نماز ادا کرلی اُس کے بعد جماعت کھڑی ہوگئی تو کیا وہ جماعت کے ساتھ دوبارہ نماز ادا کرسکتا ہے؟ میں سنا تھا کہ آدمی وہ نمازیں جماعت کے ساتھ شامل ہوکر ادا کرسکتا ہے جن کے بعد نفل پڑھنا منع ہے جیسے فجر اور عصر کی نمازیں ہیں۔ سائل: جاوید جوہدری (اسلام آباد)
جواب: جی بالکل آپ نے صحیح سنا ہے اور یہ ہی اصل حکم ہے کہ جب آپ نے فرض نماز ادا کرلی تو اب فریضہ آپ کے ذمہ سے ساقط ہوگیا اب دوبارہ آپ یہ ہی فرض نماز ادا نہیں کرسکتے اگر ادا کی بھی تو نفل نماز ہوگی، اور نفل نماز ظہر، مغرب اور عشاء کے بعد تو ادا کرسکتے ہیں لیکن فجر اور عصر کے بعد ادا نہیں کرسکتے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
شوگر کے انجکشن پیٹ پر لگنے سے خون نہ نکلنے پر وضو کا حکم:
سوال:کئی بار میں با وضو ہوتا ہوں اور مجھے پیٹ پر شوگر کے انجکشن لگتے ہیں لیکن اُن کی وجہ سے میرے پیٹ سے خون نہیں نکلتا تو کیا اُن سے میرے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟سائل: حاجی نور الامین اورکزئی (پاڑہ چنار)
جواب: شوگر کے انجکشن لگنے سے جب خون نہ نکلے تو اُس سے وضو نہیں ٹوٹتا۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
خانہ کعبہ کی تصویر والی جائے نماز پر نماز ادا کرنا کیسا ہے؟
سوال: مفتی صاحب کیا جس مصلے پر خانہ کعبہ کی تصویر ہو اس پر نماز پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟ کسی نے کہا اس پر نماز نہیں پڑھنی چاہیے۔سائل: غلام مرتضی( قلعہ سیف اللہ بلوچستان)
جواب: ایسا مصلی جس پر خانہ کعبہ وغیرہ کسی بھی مسجد کی تصویر بنی ہوئی ہو اُس پر نماز ادا کرنا جائز ہے۔ البتہ جس شخص نے یہ کہا ہے کہ اُس پر نماز نہیں ادا کرنی چاہیے تو وہ اِس وجہ سے کہا ہے کہ بعض مرتبہ جانے اَن جانے میں اُس پر پاؤں لگ جاتا ہے یا اُس پر آدمی بیٹھ جاتا ہے، اِس لیے اُس نے منع کیا ہے۔ ورنہ نماز تو ادا ہوجاتی ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
ٹک ٹاک پر ایفیکٹس بنانے اور اُن سے حاصل ہونے والے پرافٹ کا حکم:
سوال: مفتی صاحب، ایک مسئلہ دریافت کرنا ہے کہ میں ٹک ٹاک (TikTok) پر ”Effect House” کے ذریعے ویڈیو ایفیکٹس (Filters/Effects) بناتا ہوں۔ میرے کام کی نوعیت درج ذیل ہے:
میں صرف گرافکس یا اینیمیشن کا ایک ڈیزائن (Effect) بنا کر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرتا ہوں۔
ٹک ٹاک کے عام صارفین اس ایفیکٹ کو اپنی ویڈیوز میں استعمال کرتے ہیں۔
ایفیکٹ کے استعمال پر ٹک ٹاک مجھے (Creator) کو پیسے دیتا ہے۔
اصل مسئلہ یہ ہے: جب لوگ میرا بنایا ہوا ایفیکٹ استعمال کرتے ہیں، تو کچھ لوگ اس کے پیچھے میوزک/گانا لگاتے ہیں، یا کچھ خواتین اسے استعمال کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز بناتی ہیں۔ میرا ان کی ویڈیوز کے مواد (Content) پر کوئی کنٹرول نہیں ہوتا، میں نے صرف ایک ٹول (آلہ) فراہم کیا ہے۔براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں:کیا اس طرح ایفیکٹس بنا کر پیسے کمانا حلال ہے؟کیا لوگوں کے غلط استعمال (میوزک یا بے پردگی) کا گناہ مجھ پر ہوگا اور کیا اس سے ہونے والی آمدنی مشکوک یا حرام ہو جائے گی؟
جواب: جائز اور حلال چیزوں کے ایفیکٹس بناکر ان کے پیسے کمانا جائز اور حلال ہے۔ باقی لوگوں کا اِن کے غلط استعمال کرنے کا گناہ آپ پر نہیں ہوگا۔ واللہ اعلم
رخصتی کے بغیر نکاح کا حکم:
سوال: کچھ لوگ خاندانی چپقلش سے بچنے، لڑکے کو دیار غیر بھیجنے یا دیگر معاشرتی مسائل کی بنا پر نکاح کر لیتے ہیں مگر رخصتی نہیں کرتے۔ چھ ماہ، سال یا اس سے زیادہ وقت کے بعد رخصتی کرتے ہیں تو اس صورت میں شریعت کا کیا حکم ہے؟ کیا یوں نکاح بنا رخصتی کے جائز ہے؟ کچھ احباب کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص مدت کے بعد یہ نکاح ختم ہوجاتا ہے۔ اس بارے میں آگاہ کیجیے گا۔ سائلہ: زنیرا زکریا (حافظ آباد)
جواب: جی ہاں یوں نکاح بغیر رخصتی کے بھی جائز ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
دو تولے سونے پر زکوٰۃ کا حکم:
سوال:مفتی صاحب دو تولے سونے پہ زکوٰۃ ہو گی یا نہیں؟سائلہ: کوثر شایان (کراچی)
جواب: اگر سونے کے ساتھ چاندی یا سامان تجارت یا ضرورت سے زائد نقدی وغیرہ کوئی دوسری جنس نہ ہو تودو تولے سونے پر زکوٰۃ نہیں ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
ولدیت کی نسبت تبدیل کرنے کا حکم:
سوال: ایک شخص نے دوشادیاں کرکے گھروالیوں کو طلاق دیدی دونوں سے اولاد بھی ہے مگر کتابی نکاح درج نہیں ہوا سکا، باپ اولاد کو مانتا
نہیں، عدالتوں میں کیس چلتارہا مگر حل نہ ہوا،اب ان بے چاروں کے پاس گنجائش نہیں کہ باربار پیچھا کریں، اب بچوں کے شناختی کاڈ ، بے فارم کا مسئلہ ہے، تو کیا چچا کو والد بنا سکتے ہیں؟ اور یہ بھی کوشش کی کہ والد حقیقی کی جگہ کسی کو سربراہ لکھوایا جائے، مگر آج عدالتیں اس کی اجازت نہیں دیتیں اور ان کا پاکستانی ہونا مشکوک ہوتاہے شدید خطرہ ہے،تو اس کے بارے شرعی اعتبار سے کیا حکم ہے؟
جواب: بچے کی ولدیت کی نسبت اُس کے حقیقی والد کے علاوہ کسی دوسرے شخص کی طرف کرنا جائز نہیں ہے چاہے وہ چچا ہو یا کوئی اور ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کرنے سے منع فرمایا ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
انتقال کے بعد میت کے بال کاٹنے کا حکم:
سوال: میت کے زیرناف بال 6ماہ سے نہیں کاٹے گئے تھے اب بوقت غسل گھروالی یا کوئی دوسرا شخص کریم لگاکر ہاتھوں پر دستانے چڑھاکر کاٹ سکتا ہے یا نہیں؟
جواب: جب کوئی شخص انتقال کرجائے تو اُس کے بدن کے بال اور ناخن کاٹنا جائز نہیں ، لہٰذا مذکورہ بالا شخص کے زیر ناف بال نہیں کاٹے جاسکتے بلکہ اسے اسی حالت میں دفن کیا جائے گا۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
٭٭٭


