میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعلیٰ سندھ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا، نیپا ہائیڈرنٹ سیل

وزیراعلیٰ سندھ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا، نیپا ہائیڈرنٹ سیل

جرات ڈیسک
جمعرات, ۲ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کی کارروائی، ہائیڈرنٹ پر پولیس موبائل تعینات کر دی

مختلف علاقوں میں ٹینکرز کے ذریعے ہونیوالی پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

وزیراعلی سندھ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنسنے کے بعد نیپا ہائیڈرنٹ سیل کر دیا گیا ، جس سے مختلف علاقوں میں ٹینکرز کے ذریعے ہونے والی پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مصروف ترین علاقے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام کا مستقل سبب بننے والے "نیپا ہائیڈرنٹ کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے سخت نوٹس کے بعد ایک بار پھر غیر معینہ مدت کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال نے کارروائی کرتے ہوئے ہائیڈرنٹ کو سیل کیا اور وہاں پولیس موبائل تعینات کر دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب وزیراعلی سندھ این ای ڈی یونیورسٹی تشریف لا رہے تھے، یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی(ریڈ لائن)منصوبے کے باعث سڑک پہلے ہی تنگ ہے، جس کے باوجود وہاں واٹر ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔

ان ٹینکرز کی موجودگی کی وجہ سے خود وزیراعلی سندھ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس صورتحال پر برہم ہوتے ہوئے وزیراعلی نے فوری نوٹس لیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی۔

واٹر کارپوریشن اور دیگر ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب اس ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی ہوئی ہو ، اس سے قبل میئر کراچی نے بھی اس ہائیڈرنٹ کو غیر قانونی طور پر چلانے پر سیل کیا تھا اور آپریٹرز پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ ٹیکس یا دیگر معاملات کی وجہ سے ایف بی آر بھی ماضی میں ایک بار اس ہائیڈرنٹ کو سیل کر چکا ہے۔

واٹر کارپوریشن حکام نے ہائیڈرنٹ سیل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب وہاں واٹر ٹینکرز کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپا ہائیڈرنٹ کی اچانک بندش سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹینکرز کے ذریعے ہونے والی پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں