میٹھادر صرافہ مارکیٹ میں ایف بی آر کا چھاپہ،سونے کے تاجر حکومتی ریڈار پر
شیئر کریں
ایف بی آر حکام نے ریکارڈ کا جائزہ لیا، سونے کے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی
دکانوں میں موجود سونے کے اسٹاک، کاروباری ریکارڈ، ڈیکلریشنز کی جانچ پڑتال کی
ایف ائی اے کے بعد ایف بی ار نے صرافہ مارکیٹ میں چھاپہ مارا ، جس کے بعد سونے کے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق سونے کے تاجر حکومتی ریڈار پر آگئے ، کراچی کے صدر علاقے میں قائم میٹھادر صرافہ مارکیٹ میں ایف آئی اے کے بعد ایف بی آر نے کارروائی کی۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی ٹیم آر ٹی او حکام کے ہمراہ صرافہ مارکیٹ پہنچی اور سیکشن 175C کے تحت کارروائی کی۔ ٹیم نے دکانوں میں موجود سونے کے اسٹاک، کاروباری ریکارڈ اور ڈیکلریشنز کی جانچ پڑتال کی۔کارروائی کے دوران ایف بی آر حکام نے متعدد دکانوں کا ریکارڈ چیک کیا اور ٹیکس معاملات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر مارکیٹ میں کچھ دیر کیلئے بے چینی کی صورتحال بھی دیکھنے میں آئی۔آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکار پوری نے تصدیق کی کہ ایف بی آر کی ٹیم مارکیٹ آئی تھی، تاہم ان کے مطابق بات چیت کے بعد حکام واپس چلے گئے۔قاسم شکارپوری نے کہا کہ ایف بی آر حکام نے ریکارڈ کا جائزہ لیا، جبکہ تاجروں نے بھی مکمل تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔


