پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے ہو گئی
شیئر کریں
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ، نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر،آبنائے ہرمز کا معاملہ فوری حل نہ ہوا تو 9 مئی کو قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہوگا، ذرائع
وزیراعظم کاموٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو ملنے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ، سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کی ہدایت
حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پھر اضافہ کردیا اور وزارت پیٹرولیم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔وزارت توانائی سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے، جس کا اطلاق 12 سے ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 6 روپے 19 پیسے کے اضافے کے بعد 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ فوری حل نہ ہوا تو 9 مئی کو قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہوگا۔قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے حالیہ معاشی صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدرممکن ہوسکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، دعا گو ہیں کہ خطے کی صورتحال میں جلد بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آسکے۔


