سندھ بلڈنگ ،گلستان جوہر میں غیرقانونی تعمیرات ، ضابطے بالائے طاق
شیئر کریں
منظور شدہ نقشے اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی ملوث
بلاک 1پلاٹ نمبر SB 29کی بلند ہوتی عمارت نے ماسٹر پلان کو چیلنج کردیا
ضلع شرقی گلستان کے جوہر بلاک 1میں واقع پلاٹ نمبر SB 29 پر ایک بلند عمارت ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ تعمیرات نہ صرف منظور شدہ نقشے اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کی مبینہ ملی بھگت بھی شامل ہے ۔جرأت سروے ٹیم سے بات کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بار بار متعلقہ حکام کو شکایات دیں، تاہم نہ تو تعمیرات روکی گئیں اور نہ ہی کسی افسر کی جانب سے جائزہ لیا گیا۔ الزام ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی نے نہ صرف ان خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کیں بلکہ زیرِ تعمیر عمارت کے مالکان کو بیرونی مدد بھی فراہم کی۔ واضح رہے کہ یہ پلاٹ رہائشی زون میں آتا ہے ، تاہم اس پر تجارتی نوعیت کی بلند عمارت کھڑی کی جا رہی ہے ، جس سے نہ صرف پڑوس میں واقع دیگر رہائشی یونٹس کی قدرتی روشنی اور ہوا بند ہو رہی ہے بلکہ سیوریج اور پارکنگ کے بنیادی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق اس پلاٹ پر گراؤنڈ فلور سے لے کر چھٹی منزل تک کی تعمیر میں متعدد بار نقشوں میں ترمیم کی گئی، تاہم ان میں سے کوئی بھی ترمیم محکمہ کی جانب سے باقاعدہ طور پر منظور نہیں کی گئی۔ عوام نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں آزادانہ انکوائری کروا کر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں اور عمارت کے غیرقانونی حصوں کو فوری منہدم کیا جائے ۔


