سندھ بلڈنگ، گلستان جوہر اسکیم 36 میںتعمیراتی لاقانونیت عروج پر
شیئر کریں
بلاک 14پلاٹ نمبر SB1پر عوامی تحفظ کے قوانین کو پامال کرنے والی عمارت تعمیر
ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کی ملی بھگت، تعمیراتی مافیا کو نوازنے کے لیے انسانی جانیں داؤ پر
ضلع شرقی کے علاقے گلستان جوہر اسکیم 36 میں تعمیراتی قوانین کی واضع خلاف ورزی کرتے ہوئے بلند و بالا عمارتیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان عمارتوں میں ہنگامی اخراج (Emergency Exits)اور فائر سیفٹی کے بنیادی انتظامات تک موجود نہیں ہیں، جس سے رہائشیوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ذرائع کے مطابق ان خلاف ضابطہ تعمیرات میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کا کردار انتہائی شرمناک ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ وہ تعمیراتی مافیا کو تحفظ فراہم کرنے میں ملوث ہیں اور اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمانہ کارروائیوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔بلاک 14کے پلاٹ نمبر SB1 پر عوامی تحفظ کے قوانین کو پامال کرنے والی عمارت کی تعمیر جاری ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی کے انتظامات اور ہنگامی اخراج کے راستے کسی بھی بلند و بالا عمارت کی تعمیر کے بنیادی تقاضے ہیں۔ ان اصولوں کو نظر انداز کرنا عوامی تحفظ سے کھلواڑ کے مترادف ہے ۔ علاوہ ازیں ان خلاف ورزیوں کے باوجود متعلقہ حکام کی بے عملی اور مبینہ طور پر ان کی ملی بھگت پر عوام میں شدید غم و غصہ موجود ہے ۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جائے اور تمام غیر قانونی عمارتوں کو گرایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے ۔


