میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی کا مزار قائد پبلک گیٹ کے باہرآج جلسہ کا اعلان

پی ٹی آئی کا مزار قائد پبلک گیٹ کے باہرآج جلسہ کا اعلان

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۱ جنوری ۲۰۲۶

شیئر کریں

باغ جناح میں جلسے کی اجازت نہ دینا دانستہ رکاوٹ، تمام قانونی تقاضے پورے کیے تھے
پی ٹی آئی کو پروٹوکول نہیں، صرف آئینی سیاسی سرگرمی کی اجازت چاہیے، حلیم عادل شیخ

موجودہ صورتحال میں باغ جناح میں جلسے کا انعقاد ممکن نہیں بنایا گیا، تاہم پی ٹی آئی اعلان کرتی ہے کہ آج 11 جنوری بروز اتوار، شام چار بجے کے بجائے دوپہر دو بجے مزار قائد کے پبلک گیٹ پر حاضری دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی مزار قائد پر حاضری دیں گے اور عوام سے خطاب کریں گے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جناح گراؤنڈ پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور دیگر قائدین کے ہمراہ ہم عمران خان کا پیغام اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے سندھ کے عوام تک پہنچانے آئے ہیں۔ اس مہم کے پہلے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد اور جامشورو شامل ہیں، جبکہ وفد کا آج دوسرا دن حیدرآباد میں جاری ہے۔ انہوں نے کراچی کے عوام، پارٹی کارکنان، سپورٹرز اور ووٹرز کو شاندار استقبال پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے منتخب نمائندوں کا جس والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا، وہ قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 جنوری کو کراچی کے عوام نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے عمران خان کا پیغام سننے کے لیے جس جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کراچی پہلے بھی کپتان کا تھا، آج بھی کپتان کا ہے اور انشائاللہ آئندہ بھی کپتان کا رہے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ آنے کے اعلان کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے رابطہ کیا گیا اور سرکاری پروٹوکول و سیکیورٹی کی پیشکش کی گئی، جس پر ہم نے واضح مؤقف اپنایا کہ ہم عوامی کارکن ہیں، ہمیں پروٹوکول نہیں چاہیے، صرف اپنی آئینی اور سیاسی سرگرمی کی اجازت دی جائے تاکہ ہم عوام سے براہِ راست مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ باغ جناح میں جلسے کی اجازت کے لیے باقاعدہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو درخواست دی گئی، اور پچیس لاکھ مزار کمیٹی کو سیکیورٹی کے چالان جمع کروائے گئے اور ان کی رسید بھی حاصل کی گئی، اس کے باوجود آخری وقت تک جلسے کی تحریری اجازت یا این او سی ڈی سی کی جانب سے فراہم نہیں کی گئی۔ شام سوا پانچ بجے اچانک باغ جناح کا گیٹ بند کر دیا گیا اور پولیس نے سامان اندر لے جانے سے روک دیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر کوئی مجبوری یا انتظامی مسئلہ تھا تو ہمیں اعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا۔ اس طرزِ عمل سے یہ تاثر ملا کہ دانستہ طور پر جلسہ رات کے وقت ناممکن بنایا گیا۔ جلسہ آلہ دین کے چراغ سے نہیں ہوتا، اس کے لیے وقت، انتظامات اور تیاری درکار ہوتی ہے، تاہم پی ٹی آئی جہاں کھڑی ہوتی ہے وہاں عوام خود بخود جمع ہو جاتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس عمران خان کی قیادت اور عوام کی طاقت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں باغ جناح میں جلسے کا انعقاد ممکن نہیں بنایا گیا، تاہم پی ٹی آئی اعلان کرتی ہے کہ آج 11 جنوری بروز اتوار، شام چار بجے کے بجائے دوپہر دو بجے مزار قائد کے پبلک گیٹ پر حاضری دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی مزار قائد پر حاضری دیں گے اور عوام سے خطاب کریں گے۔آخر میں حلیم عادل شیخ نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور اور پرامن انداز میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے، پورے شہر نے دیکھا کہ ہزاروں لوگ باہر نکلے مگر ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا۔ عوامی استقبال نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی آج بھی سب سے آگے ہے۔ ہمارا لیڈر عمران خان ہے اور ہم آئین، جمہوریت اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں