افواج پاکستان کاسبق بھارت ہمیشہ یاد رکھے گا، وزیراعظم
شیئر کریں
مئی کی جنگ میں آزاد کشمیر کے لوگ افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعاگو تھے
مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی بہن قربانیاں دے رہے ہیں، تقریب سے خطاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مئی کی جنگ میں افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔مظفرآباد میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ میں آزاد کشمیر کے لوگ بھی افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو تھے، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی بہن قربانیاں دے رہے ہیں، وہ وقت جلد آجائے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آزاد کشمیر کے اس خطے کے لوگوں نے عظیم قربانیاں دیں، کشمیری عوام نے ہمیشہ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو اپنی آواز بنایا، مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوکر پاکستان بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے لیپ ٹاپ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیپ ٹاپ رشوت ہوتی تو پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینیٔر اور اساتذہ سائنسدان نہ بنتے۔شہباز شریف نے کہا کہ کورونا میں لیپ ٹاپ کی بدولت نوجوانوں کا روزگار جاری رہا، طلبہ نے تعلیم بھی حاصل کی، محنت اور شبانہ روز محنت کے ذریعے ہمیں پاکستان کو عظیم مملکت بنانا ہے۔ آپ اپنی ذات، اساتذہ کرام، والدین اور پوری قوم کے لیے درخشندہ ستارہ ہیں۔اس موقع پر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں دفاعی اور سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں، حکومت کی مسلسل محنت سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا۔


