استثنیٰ واپس کرنے سے افواج کے وقار میں اضافہ ہوگا، آفاق احمد
شیئر کریں
استثنیٰ کے حق میں ووٹ ڈالنے والے قومی مجرم ہیں،پاکستان کا ہر شہری برابر ہے اور قانون کا پابند ہے ،چیئر مین مہاجر قومی موومنٹ
تمام رہائشی علاقے اور شہر کی پولیس مئیر کے ماتحت کی جائے، استثنیٰ کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کی شدید مذمت ،اجتماع سے خطاب
چیئر مین آفاق احمد گزشتہ رات گئے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 27ویں ترمیم کو ملک کی اشرافیہ کی جانب سے ملک میں جمہوریت کو دفن کرکے بادشاہت قائم کرنے کی کوشش قرار دیا۔27ویںترمیم آئین کے آرٹیکل(1) 25 کے قطعی خلاف ہے،جس کے مطابق پاکستان کا ہر شہری برابر ہے اور قانون کا پابند ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی، خودمختاری اور غیرجانبداری کا بھی گلا گھوٹ دیا گیا ہے۔آفاق احمد نے استثنیٰ کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں قومی مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں خبر دار کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتے ۔آفاق احمد نے کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور احترام کا مضبوط رشتہ ہے جسے استثنیٰ کے ذریعے کمزورکرنے کی سازش کی گئی ہے، استثنیٰ واپس کرنے سے عوام میں افواج کی عزت و وقارمیں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے ووٹوں کے بغیر27ویں ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت حاصل کرنانا ممکن تھااسکے باوجودسندھ کے شہری علاقوں کے مفادات کے حصول کے بغیر استثنیٰ کی حمایت میں ووٹ ڈال کرمتحدہ اپنے عوام کی بجائے آمریت اور کرپٹ ترین سیاسی لوگوں کے ساتھ کھڑی نظرآئی ۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ سمجھتی ہے کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے معاشی حب کراچی کی مقامی حکومت کو مضبوط اور بااختیاربنانا ہوگا،جس کیلئے کراچی کے تمام رہائشی علاقوں اورکراچی کی پولیس کو میئرکے ماتحت کیا جائے اور NFCکے بعد PFCکو آئینی تحفظ دے کر اس پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔


