این آئی سی وی ڈی میں انتظامی بدانتظامی عروج پر
شیئر کریں
ناقص انتظامی فیصلوں کے نتیجے میں متعدد سرجریز منسوخ، مریض شدید مشکلات سے دوچار
آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس اچانک بند ہونے سے ہزاروں مریض متاثر ،انکوائری کا مطالبہ
این آئی سی وی ڈی میں بدانتظامی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور انتظامیہ کی سنگین لاپروائی کے باعث ایک مینٹیننس ملازم کو غیر قانونی طور پر ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کیا گیا، جس سے نہ صرف سروس رولز کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ اسپتال کے کاموں میں بھی شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔اس صورتحال کے باعث دور دراز علاقوں سے علاج کے لیے آنے والے مریض اور ان کے اہل خانہ سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ دل کے مریض جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہے ، انتظامیہ کی نااہلی کے باعث واپس بھیجے جا رہے ہیں ۔صحت عامہ کے ماہرین اور سول سوسائٹی نے اس سنگین صورتحال کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری حکومتی مداخلت اور اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ اور نااہل افراد کی انتظامیہ میں تقرری سے مریضوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ۔یہ بحران نہ صرف انتظامی غفلت بلکہ احتساب کے عمل پر بھی سنگین سوالات کھڑا کرتا ہے ، اور اس کا خمیازہ براہِ راست غریب اور مستحق مریض بھگت رہے ہیں۔


