موٹر وے پولیس اہلکار سمیت حوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزم گرفتار
شیئر کریں
اسسٹنٹ پیٹرولنگ افسرجعلی چالان ٹکٹ بنانے میں ملو ث ، 14 روزہ ریمانڈ منظور
کورنگی انڈسٹریل ایریا میںکارروائی،کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے شہید بینظیر آباد سرکل میں کارروائی کے دوران کرپشن میں ملوث موٹر وے پولیس کے اہلکار کو گرفتار کرلیاجبکہ ایف آئی اے کراچی زون نیکورنگی سے منظم گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ،ملزمان کی نشاندہی پر کروڑوں مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمدہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم اعزاز اکبر موٹروے پولیس میں بطور اسسٹنٹ پیٹرولنگ افسر تعینات تھے ، گرفتار ملزم جعل سازی، فراڈ اور کرپشن کرتے ہوئے شہریوں کو جعلی چالان ٹکٹس جاری کرتا تھا، دوسری جانب ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے کورنگی سے منظم گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ،ملزمان کی نشاندہی پر کروڑوں مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمدہوئی ہے۔کورنگی انڈسٹریل ایریا سے حوالہ ہنڈی کی رقم وصول کر رہے تھے۔ملزمان حوالہ ہنڈی رقوم کی ترسیل کے لئے موٹر سائیکل کا استعمال کرتے تھے۔گرفتار ملزم محمد جنید اور وسیم سے 8 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر سعیمہ لگژری ہومز میں ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کے دوران گھر سے بڑی مقدار میں پاکستانی و غیر ملکی کرنسی، لیجرز اور شواہد برآمدہوئے ہیں۔برآمد ہونے والی کرنسی میں 99 لاکھ روپے، 13,500 پائونڈ، 6,300 امریکی ڈالر،14,500 سعودی ریال، 10900 یو اے ای درہم، 1150 یورو اور 8000 تھائی بھات شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 23 لاکھ روپے مالیت کے ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کاآغاز کردیاگیاہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


