پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت سے سندھ پر قابض ہے(حافظ نعیم)
شیئر کریں
سندھ میں ڈاکوؤں کو سرداروں کی سرپرستی حاصل ہے،حکمران اشرافیہ میں ٹرمپ کی چاپلوسی کی دوڑ لگی ہوئی ہے، امیر جماعت
فارم47 کی بنیاد پر آئے ہوئے حکمران بہتری نہیں لاسکتے‘ منصورہ تربیت گاہ میں اندرون سندھ سے شریک افراد سے خطاب
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ادارے کرپٹ عناصر کو عوام پر مسلط کرنے کے رویوں پر نظرثانی کریں، فارم47 کی بنیاد پر آئے ہوئے حکمران بہتری نہیں لاسکتے،حکومتی و اپوزیشن پارٹیوں میں ٹرمپ کی چاپلوسی کا مقابلہ جاری ہے، غزہ میں صہیونی جارحیت کی پشت پناہی کرنے والے کو نوبل انعام کے لیے نامزد کردیا گیا۔ سندھ میں ڈاکوؤں کو سرداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ منصورہ کی مرکزی تربیت گاہ میں شریک اندرون سندھ سے آئے ہوئے افراد کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی نہیں اسٹیبلشمنٹ کی حمایت سے سندھ پر قابض ہے۔ کراچی میں پی پی اور ایم کیو ایم کو ہاری ہوئی تمام سیٹیں دے دی گئیں، اداروں کی مدد نہ ہوتی تو کراچی میں پی پی کا میئر کیسے بن سکتا تھا؟ انہوں نے کہا کہ سندھ پر دہائیوں سے قابض پی پی حکومت نے وادی مہران کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم کررکھا ہے۔صوبے کا تعلیم کا بجٹ ساڑھے چار سو ارب ہونے کے باوجود بھی تعلیم کا بیڑہ غرق ہے، ایک کروڑ بچے تعلیم سے محروم، سکولوں میں جعلی بھرتیاں ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ میں ڈاکوؤں کو سرداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ سرداری نظام ظالمانہ نظام ہے، صوبہ کے عوام اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، سماجی برائیوں اور منشیات کے خاتمے کے لیے عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں، جماعت اسلامی حق کی آواز بلند کرنے والے ہر فرد کا ساتھ دے گی۔


