جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے تشکیل دی ،جہاں ضرورت ہوئی وزیر اعظم اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے جائینگے ‘ رانا ثنا اللہ
شیئر کریں
پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا ،ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے بتدریج ختم ہو رہے ہیں ‘ گفتگو
لاہور( ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے تشکیل دی ہے اور جہاں بھی ضرورت ہوئی وزیر اعظم اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے جائیں گے ،پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا جس میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا ،ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے بتدریج ختم ہو رہے ہیں اور انشااللہ حکومت ملک وافر بجلی کی دستیابی کے وعدے کو ہر صورت پورا کرے گی ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کا موقف رہا ہے کہ اپوزیشن کے الزامات کی کسی مناسب فورم پر تحقیقات کی جانی چاہیے ۔جے آئی ٹی کی تشکیل سپریم کورٹ نے کی ہے ۔اس لئے جہاں بھی ضرورت ہوئی وزیر اعظم اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے جائیں گے ۔رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ابھی بجٹ کی تفصیلات آنا باقی ہیں اور اپوزیشن کی طرف سے اسے پیشگی ہی عوام دشمن اورالفاظ کا گورکھ دھندہ کہہ دیا گیا ہے ۔بجٹ کی تفصیلات ثابت کریں گی کہ کہ یہ عوامی بجٹ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا اور یہ ٹیکس فری اور عوامی بجٹ ہوگا جس میں تعلیم ، صحت اور انفراسٹر اکچر پر توجہ مرکوز کی جائے گی ،اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کے لئے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈ نگ ہو رہی ہے لیکن اس کے دورانیے میں بتدریج کمی آ ئی ہے رہی ہے۔ رواں سال دسمبر تک 5 ہزار میگا واٹ اور 2108 تک 9 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔