میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دشمن کی پھر دراندازی پاکستان کا کراراجواب، اسرائیلی ساختہ 29ڈرون تباہ،پاک فوج کے 4جوان زخمی

دشمن کی پھر دراندازی پاکستان کا کراراجواب، اسرائیلی ساختہ 29ڈرون تباہ،پاک فوج کے 4جوان زخمی

ویب ڈیسک
جمعه, ۹ مئی ۲۰۲۵

شیئر کریں

 

بھارت کا بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے حملہ،پاک فوج نے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے

ایک ڈرون لاہور میں فوجی ہدف پر گرا جس میں پاک فوج کے 4جوان زخمی ہوئے ، آلات کو معمولی نقصان بھی ہوا ، میانو میں ایک عام شہری کے شہید اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے

دشمن ملک بھارت نے ایک مرتبہ پھر اپنے مذموم عزائم کے ساتھ پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق 7اور 8مئی کی درمیانی رات بھارت نے ایک بار پھر دراندازی کراتے ہوئے پاکستان کے مختلف مقامات پر 29 ڈرونز بھیجے جسے پاک فوج نے نہایت مہارت سے مختلف مقامات پر گرادیے۔بھارت کے ان بزدلانہ حملوں میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ روزایک میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مختلف شہروں میں بھیجے گئے تمام ہیروپ ڈرونز گرادیے گئے ، اس وقت جب کہ ہم بات چیت کر رہے ہیں، ان ڈرونز کے ملبے کو اٹھایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے ایک ڈرون لاہور میں فوجی ہدف پر گرا جس میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور آلات کو معمولی نقصان بھی ہوا ہے ، اسی طرح سے میانو میں ایک عام شہری کے شہید اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوا جب کہ پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے ، بھارت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے ، یہ سنگین صورتحال ہے ، گزشتہ رات کی جارحیت انتہائی سنگین اشتعال انگیزی ہے ، اس وقت بھی یہ عمل جاری ہے اور پاک فوج انہیں گرانے میں مصروف ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس قسم کی جارحیت پر قابو پانے کا عزم رکھتے ہیں اور اس پر قابو پانے کی صلاحیت بھی۔بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے 6/7 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد، بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے ۔بیان کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بھوکلاہٹ کی نشانی ہے ، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے ، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔دریں اثنا سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے 25 ڈرونز کے بعد مزید بھارتی ڈرونز گرائے گئے ہیں جس کے بعد تباہ ہوئے ڈرونز کی تعداد 31 تک ہوگئی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں