سیکیورٹی کے فیصلے قوم کرے گی، کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں،دفتر خارجہ
شیئر کریں
پاکستان نے فوجی عدالتوں سے شہریوں کو ملنے والی سزائوں پر بین الاقوامی ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اندرونی مسائل کا حل جانتا ہے، پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی، کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دبائو کا اثر نہیں ہونے دے گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر عائد پابندیوں کو غیر ضروری اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیوں کا پاکستان کے دفاعی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں میزائل سسٹمز اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد ملے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا ہے مگر ملک نے ہمیشہ اپنی سیکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔