چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو فائنل
شیئر کریں
پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ہائبرڈ ماڈل کیلئے دبئی کو فائنل کیا گیا، جہاں پاک بھارت ٹاکرا بھی ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیہان المبارک کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وینیو طے کیا گیا۔دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات گھوٹکی کے ایک خیمے میں ہوئی، پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے وینیو کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق چیمپینز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا بھی 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم 15 جنوری تک مکمل تیار ہوجائے گا، چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو آج فائنل کرلیں گے ، پاکستان اور بھارت اگلے 3 سال تک نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے ۔خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ممکنہ شیڈول بھی گزشتہ روز ہی سامنے آیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں میچ پاکستان میں ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاکـبھارت مقابلہ 23 فروری کو نیوٹرل مقام پر ہوگا۔