وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیراعظم سے10ارب فراہمی کا مطالبہ
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے کے فور منصوبہ کے لیے 10 ارب روپے فوری طور پر فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ کے بی فیڈر کی 38 میل تک سیمنٹ کنکریٹ سے لائیننگ کرنی ہے ، لائیننگ سے کراچی کو 510 کیوسکس اضافی پانی مل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ پر 39 ارب 92
کروڑ روپے خرچ ہوں گے ، حکومت سندھ اور وفاقی حکومت 50، 50 فیصد رقم دیں گی جب کہ اس منصوبہ پر اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ارب روپے دیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ کی منظوری ایکنک نے 19 جولائی 2022 کو دی تھی گذشتہ مالی سال کے دوران صرف ایک ارب روپے جاری کئے گئے تھے حالانکہ اس کے لیے 3 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جب کہ رواں مالی سال میں 3 ارب روپے کے ساتھ مزید 7 ارب روپے کا انتظام کیا جائے اور رواں مالی سال کے دوران 10 ارب روپے جاری کیے جائیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ رواں مالی سال میں پہلی سہ ماہی کی قسط کے طور پر 3 اکتوبر کو 15 کروڑ روپے جاری کئے گئے جب کہ کے فور پر کام 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے حکومت سندھ نے جون 2025 تک 70 فیصد رقم دے گی۔انہوں نے کہا کہ دسمبر سے کر جنوری تک کوٹری بیراج کی صفائی کے باعث کینال بند ہوتا ہے ، کینال بند ہونے سے اس منصوبے پر تیزی سے کام مکمل کرایا جاسکتا ہے ۔یاد رہے کہ کے بی فیڈر وسیع پیمانہ پر زراعی مقاصد اور کراچی کو پینے کے لئے پانی فراہم کرتا ہے کراچی کو پینے کے پانی کی فراہمی سے زرعی ضرورت پر کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ منصوبہ کے فور سے منسلک ہے جس کو وفاقی حکومت واپڈا کے ذریعہ مکمل کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ منصوبہ کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں اور وفاقی حکومت فوری طور پر 50 فیصد رقم کا انتظام کرے ، تاخیر سے منصوبہ کی تکمیل اور اخراجات پر اثر پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے کے فور کے لیے اضافی فنڈز مختص کردیے ہیں تاکہ منصوبہ میں تاخیر نہ ہو۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے بارے میں پہلے سوچیں کسی کو جیل میں ڈالنے کیلئے نہ سوچیں۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال دی تھی یا واپس لے لی، میں اپنے کام میں مصروف ہوں۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں، سندھ کے پانی پر کینال کے مسئلے پر سی سی آئی میں کیس ہے ، کینالوں پر ابھی کوئی کام نہیں ہو رہا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید جان محمد کو ہم نہیں بھولے نا بھولیں گے ، قاتل ضرور گرفتار ہوں گے ، شکارپور کچے میں کافی کامیابی ملی ہے اور کافی ڈاکوؤں کو ہلاک کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری کو احکامات دیے ہیں، کچے میں کلیئر ہونے والے علاقوں میں روڈ، اسپتال اور اسکولوں کی ضرورت ہے تو اس پر کام کریں۔