14 ہزارسے زائد فلسطینی زیرمحاصرہ غزہ میں علاج کے منتظر
شیئر کریں
اسرائیل اور عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ کے رہنے والے 230 مریضوں کو تباہ شدہ غزہ سے نکال کر متحدہ عرب امارات اور رومانیہ میں علاج کیلئے بھجوا دیا گیا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق زیر محاصرہ غزہ سے کرم شاہ لوم راہداری کے راستے نکالے جانے والے مریضوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے ان مریضوں کو علاج کیلئے باہر بھجوانے کے اس آپریشن میں متحدہ عرب امارات، یورپی یونین اور عالمی ادارہ صحت شامل ہیں جنہوں نے اس کے لیے کوششیں کیں۔ان میں بعض ایسے مریض بھی موجود ہیں جن کا مدافعتی نظام ختم ہو چکا ہے ۔ وہ خون کے کینسر کی بیماری میں مبتلا ہیں، کڈنی کے انتہائی خراب حالت کے مریض ان میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں دھماکوں، بمباری اور تباہی کے باعث صدمے کی کیفیت میں اپنی ذہنی صحت کھو دینے والے مریض اس میں شامل ہیں۔ انہیں مسلسل ناکہ بندی کی زد میں آئے ہوئے غزہ سے نکالنے کے بعد کرم شاہ لوم راہداری کے راستے جنوبی اسرائیل کے علاقے ایلات لایا گیا۔ جہاں سے انہیں بذریعہ طیارہ روانہ کر دیا گیا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 230 فلسطینیوں کو علاج کی سہولت کیلئے بھجونے کے بعد بھی 14 ہزار فلسطینی مریض ابھی غزہ میں اسی طرح کے موجود ہیں جنہیں فوری طور پر غزہ سے باہر کسی اور ملک میں علاج کے لیے بھیجانا لازم ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ عالمی ادارہ صحت اسرائیل سے اجازت لینے میں کامیاب ہو سکے ۔