قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس طلب ،آئینی ترمیم پیش ہونے کا امکان
شیئر کریں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علیحدہ علیحدہ اجلاس طلب کرلیے، جن میں ممکنہ طور پر آئینی ترمیم پیش ہونے کا امکان ہے۔وفاقی حکومت نے 26 ویں آئینی ترمیم پہلے سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا۔دو تہائی اکثریت کیلئے قومی اسمبلی میں 224 اور سینیٹ میں 63 ووٹ درکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر بروز جمعرات سہ پہر 4 بجے طلب کیا ہے، اسی طرح صدر مملکت کی جانب سے نے سینیٹ کا اجلاس 17 اکتوبر بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 ون کے تحت طلب کیے ہیں۔دوسری جانب حکومت نے آئینی ترمیم قومی اسمبلی کی بجائے سینیٹ میں لائے جانے پر غور شروع کردیا۔ آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے معاملے پر حکومت نے حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اب 26ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی کی بجائے سینیٹ میں لائے جانے پر غور کیا جارہا ہے، سینیٹ سے منظوری کے بعد آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔