حزب اللہ کا شمالی اسرائیل پر ڈرون حملہ، 4 فوجی ہلاک، 67 زخمی
شیئر کریں
شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 67 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اتوار کو مزید 34 فلسطینی مارے گئے، مقامی طبی ذرائع کے مطابق شہدا میں پانچ بچے بھی شامل ہیں جو اسرائیلی ڈرون حملے کے وقت شاتی پناہ گزین کیمپ میں فٹبال کھیل رہے تھے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل میں بنیامینا کے علاقے میں دھماکا سنائی دیا کہ جس کے بعد متاثرہ مقام پر ایمبولینس روانہ کردی گئیں۔عرب میڈیا کے مطابق لبنان سے آنے والے ڈرون نے اسرائیلی فوج کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملے کے مقام پر بڑی تعداد میں ایمبولنسز موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی بھی متواتر پروازیں جاری ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد اطراف کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔